• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریکِ پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والے عظیم رہنما

تحریک پاکستان ایک تاریخی جدوجہد تھی جو 14 اگست 1947ء کو پاکستان کے قیام پر منتج ہوئی۔ اس تحریک کی قیادت ایسے بصیرت رکھنے والے عظیم رہنماؤں نے کی، جنہوں نے برطانوی سامراج اور کانگریس کے خلاف کامیاب تحریک چلاتے ہوئے مسلمانوں کے حقوق کے لیے انتھک جدوجہد اور ایک علیحدہ ریاست کے قیام کی وکالت کی۔

یہ رہنما برصغیر کے متنوع پسِ منظر سے تعلق رکھتے تھے اور مختلف نظریات کے حامل تھے، لیکن قیامِ پاکستان جیسے مقصد کے لیے اپنے عزم میں متحد تھے۔ تحریک پاکستان، جس میں مَردوں کی طرح خواتین کا کردار بھی خاصا نمایاں رہا ہے، کئی پہلوؤں سے 20ویں صدی کی ایک منفرد اور ممتاز تحریک تھی۔ یومِ پاکستان کے موقع پر تحریک پاکستان کے چند نامور رہنماؤں کا ذکر کرتے ہیں، جنھوں نےاپنی زندگیاں جدوجہد پاکستان کے لیے وقف کیں اور سماجی پابندیوں کا سامناکرتے ہوئے تحریک پاکستان میں ایک نئی روح پھونکی۔

قائداعظم محمد علی جناح ؒ

پاکستان کیلئے قائد اعظم کی خدمات کو مختصراً بیان کرنا دریا کو کوزے میں بند کرنے کے مترادف ہے۔ قدرت جب کسی قوم پر مہربان ہوتی ہے یا اسے کسی قوم کی تقدیر سنوارنا مقصود ہوتا ہے تو وہ اس میں ایسے بے لوث قائد پیدا کر دیتی ہے، جو اس قوم کی ڈولتی کشتی کو اپنے حسنِ تدبر سے ساحل تک لے جاتے ہیں۔ قائداعظم برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک ایسے ہی قائد بن کر اُبھرے۔ وہ ایک ایسی شخصیت تھے، جن کی عظمت اور بلندیٔ کردار کے مخالفین بھی معترف تھے۔ 

بھارت کے پہلے وزیراعظم جواہر لعل نہرو کی ہمشیرہ وجے لکشمی پنڈت نے کہا تھا، ’’اگر سو گاندھی، سو نہرو اور سو پٹیل مسلم لیگ کے پاس ہوتے اور کانگریس کے پاس صرف اور صرف محمد علی جناح ہوتا، تو پاکستان کبھی نہ بنتا‘‘۔ 

قائد اعظم نے 1913ء میں مسلم رہنماؤں سر آغا خان سوئم، علامہ اقبال اور چوہدری رحمت علی کی درخواست پر مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کی اور مسلمانوں کی سیاسی بیداری اور تحریک آزادی کی داغ بیل ڈالی۔ قائداعظم نے تدبر، فہم وفراست، سیاسی دور اندیشی اور جہد مسلسل سے مسلمانوں کو ہندو اور انگریزوں کی غلامی سے نجات دلائی۔

علامہ محمد اقبال ؒ

علامہ اقبال کا نام اور تحریکِ پاکستان کیلئے ان کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ علامہ اقبال 20ویں صدی کے عظیم شاعر، مصنف، قانون دان اور سیاستدان ہونے کے علاوہ تحریک پاکستان کی نامور شخصیات میں شمار کیے جاتے ہیں۔ بحیثیت سیاستدان علامہ اقبال کانمایاں کا رنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے، جو انھوں نے 1930ء میں الٰہ آباد کے مقام پر مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پیش کیا۔ 

یہ نظریہ بعد میں پاکستان کے قیام کی بنیاد بنا۔ علیحدہ وطن کا مطالبہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا،’’میں اس بات کا خواہشمند ہوں کہ صوبہ پنجاب، شمال مغربی سرحدی صوبہ، سندھ اور بلوچستان میں مسلمانوں کی آزاد مملکت قائم کی جائے‘‘۔ وہ خواب جسے علامہ اقبال نے دیکھا، وہ پوری ملت کی امنگوں اور آرزوؤں کا ترجمان بن گیا۔

مادرِ ملت محترمہ فاطمہ علی جناح

اپنے بھائی اوربانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ؒکی طرح مادرِ ملت محترمہ فاطمہ علی جناح بھی سیاسی بصیرت، قیادت، جرأت مندی اور ایثار و قربانی کے جذبوں سے مالامال تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ تحریک پاکستان کے لیے ان کی بے لوث محنت اور انتھک جدوجہد آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثال بن گئی۔ محترمہ فاطمہ علی جناح پیشے کے اعتبار سے دندان ساز (Dentist) تھیں لیکن قائداعظم محمد علی جناح کی اہلیہ کی وفات کے بعد ان کی خدمت کی خاطر اپنی پریکٹس چھوڑ کر ان کی قریبی ساتھی اور مشیر بن گئیں۔ 

قرار دادِ پاکستان کی منظوری کے بعد برصغیر کے طول و عرض کے سیاسی دورے ہوں، خواتین میں علیحدہ مسلم ریاست سے متعلق شعور بیدار کرنے کا معاملہ ہو، مسلمانوں کو منظم اور متحرک کرنا ہویا پھر تحریکِ پاکستان کے لیے مالی اعانت کے مسائل کا حل، محترمہ فاطمہ علی جناح قائداعظم کے شانہ بشانہ رہیں۔ نہ صرف قائد اعظم کی زندگی میں بلکہ ان کی وفات کے بعد بھی محترمہ فاطمہ جناح کی ملکی معاملات پر مضبوط گرفت پاکستان کے لیے ایک سنہرا اور روشن باب ثابت ہوئی۔

نواب لیاقت علی خان

تحریک آزادی کا ذکر محسن ملت اور پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے نام کے بغیر ادھورا ہے۔ یکم اکتوبر1895ء کو ہندوستان کے علاقے کرنال میں پیدا ہونے والے نواب لیاقت علی خان نے ایم اے او کالج علی گڑھ سے گریجویشن کیا، جس کے بعد انھیں انڈین سول سروس میں نوکری کی پیشکش کی گئی لیکن انھوں نے انکار کرتے ہوئے اپنی زندگی قوم کے لیے وقف کرنے کا ارادہ کیا۔ 

انھوں نے مسلم لیگ میں شمولیت اختیار کرکے اس کی تنظیم نو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ 1936ء میں آپ مسلم لیگ کے سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے۔ اگلا برس آل انڈیا مسلم لیگ کے لیے گویا ایک نیا جنم ثابت ہوا، جس کی منزل مسلمانوں کیلئے ایک آزاد مملکت کا قیام تھا۔ 

پورے ہندوستان میں جب مسلم لیگ کی باقاعدہ رکنیت اور تنظیم نو کا عمل شروع ہوا تو بطور جنرل سیکریٹری لیاقت علی خان نے اس میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ تحریکِ آزادی کے حوالے سے ہر جدوجہد میں قائداعظم کے شانہ بشانہ رہے، اسی وجہ سے قائداعظم نے انھیں اپنا دست راست قرار دیا۔

مولانا محمد علی جوہر

تحریکِ پاکستان کی تاریخ میں دو بھائیوں، مولانا شوکت علی خان اور مولانا محمد علی جوہر کا کردار بھی ناقابلِ فراموش ہے۔ مولانا محمد علی جوہر نہ صرف جنگ آزادی بلکہ اسلام کی عظمت کے عظیم سپاہی بھی تھے۔ مولانا محمد علی جوہر کے کردار کو یوں سمجھا جاسکتا ہے کہ وہ پہلے مسلمان لیڈر تھے جنہوں نے انگریز حکمرانوں اور کانگریس کے قائدین مثلاً مہاتماگاندھی، موتی لال نہرو اور لالہ لجپت رائے کو چیلنج کیا۔ 

حتیٰ کہ 1926ء میں موتی لال نہرو سے ہونے والی ملاقات میں یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ماسوائے مہاتما گاندھی، موتی لال نہرو اور جواہر لال نہرو کے تمام کانگریسی قائدین مسلمانوں کے دشمن ہیں‘‘۔1906ء میں بننے والی مسلم لیگ کے بانیان میں مولانا محمد علی جوہر کانام بھی شامل ہے۔ 

انہوں نے 1911ء میں اخباری دنیا میں تہلکہ مچانے والا انگریزی ہفت روزہ اخبار ’’کامریڈ‘‘ کلکتہ سے جاری کیا۔ یہی نہیں، آپ اُردو اخبار ’ہمدرد‘کے بانی بھی تھے۔ دونوں اخباروں نے مسلمانانِ پاک و ہند کا سیاسی تصور بیدار کرنے میں بڑی مدد کی۔

مولانا شوکت علی

آپ مولانا محمد علی جوہر کے بھائی اور تحریک پاکستان کی ایک اور بااثر شخصیت تھے۔ مولانا شوکت علی اپنے بھائی کی طرح ہندوستان میں مسلمانوں کے حقوق کے ایک مضبوط وکیل تھے اور انھوں نے تحریک پاکستان کی جدوجہد کو متحرک رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ وہ اپنی تقاریر اور لوگوں کو آزادی کی جدوجہد میں شامل ہونے کی ترغیب دینے کی صلاحیت کے لیے جانے جاتے تھے۔