• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے 34.5 ارب کی ریکوری پر وزیروں، افسروں کی کارکردگی کو سراہا

وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ سعودی عرب سے واپسی کے فوری بعد ایف بی آر کی کارکردگی پر اجلاس کی صدارت کی۔ 34 اعشاریہ 5 ارب روپے کی ریکوری پر متعلقہ وزراء اور افسروں کو سراہا اور مستقل نظام کی تشکیل کیلئے لائحہ عمل طلب کرلیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایف بی آر کے بہترین نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ محنت و لگن سچی ہو تو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ دہائیوں کی خرابیوں کو مل کر ٹھیک کرنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایسے افسران و اہلکار جو کسی بھی قسم کی خردبرد میں ملوث پائے جائیں ان کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے۔ عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کیلئے جس قدر ہوسکا، کوشش کریں گے۔

وزیراعظم نے ایف بی آر کی ریکوریز پر مستقل بنیادوں پر مربوط قانونی ڈھانچہ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات و ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے پر لائحہ عمل تشکیل دے کر پیش کیا جائے، ایف بی آر کی افرادی قوت کی بہتری کیلئے پلان تشکیل دیا جائے، 100 فیصد ڈیجیٹائزیشن، تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن، مسلسل نگرانی سے نظام بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی والے افسران و اہلکاروں کی ستائش بھی یقینی بنائی جائے، ہمیں پاکستان کی تقدیر کو بدلنا ہے تو نظام میں مستقل بنیادوں پر تبدیلی ناگزیر ہے۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ٹیکس کے حوالے سے عدالتوں میں زیر التوا مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین ایف بی آر کی ڈائریکٹوریٹ آف لاء اور ایف بی آر کی جاری اصلاحات پر بریفنگ دی گئی۔

واضح رہے کہ بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس وصولی کی مد میں ایک اور بڑی کامیابی ہوئی ہے، چار ہفتوں میں بینکوں سے ونڈ فال ٹیکس کی مد میں 34.5 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔

وزارت قانون و انصاف کے اعلامیہ کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے بھی پنجاب میں رجسٹرڈ بینکوں کی درخواستوں پر حکم امتناعی ختم کرنے کا فیصلہ کیا، حکم امتناعی خارج ہونے پر پنجاب کے بینکوں نے آج واجب الادا ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروایا۔

پنجاب کے 7 بینکوں نے مجموعی طور پر 11 ارب 48 کروڑ 36 لاکھ سے زیادہ رقم جمع کروائی، تین ہفتے پہلے سندھ ہائیکورٹ کا اسٹے آرڈر ختم ہونے پر بینکوں نے23 ارب روپے جمع کروائے۔

اعلامیے کے مطابق 2023 میں بینکوں کےغیر معمولی اور اضافی منافع پر ونڈ فال ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید