قومی ٹیم آج نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز 2-2 سے برابر کرنے کا عزم لیے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں ماؤنٹ منگونی میں مد مقابل ہوگی۔
ابتدائی دو میچز میں ہوم ٹیم کی یکطرفہ کامیابیوں کے بعد پاکستان نے آکلینڈ میں ہونے والے تیسرے میچ میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کردیا۔
اپنے کیریئر کا تیسرا میچ کھیلنے والے حسن نواز نے ابتدائی دو میچز کے صفر رن سے اسکور آگے بڑھایا اور ایسا بڑھایا کہ ریکارڈ ساز سنچری بنادی۔
نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کےلیے 204 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے 16ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ حسن نواز نے 44 گیندوں پر پاکستان کی طرف سے ٹی ٹوئنٹی کی تیز ترین سنچری بنائی جبکہ کپتان سلمان علی آغا نے نصف سنچری بنائی۔
پاکستان ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سیریز برابر کرنے کیلئے پرعزم ہے جبکہ نیوزی لینڈ چوتھے ٹی ٹوئنٹی کو جیت کر سیریز اپنے نام کرنے کیلئے میدان میں اترے گی۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق صبح 11 بجکر 15 منٹ پر شروع ہوگا۔