کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رکن قومی اسمبلی آسیہ اسحاق کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کے بقول ’’ سندھ ترقی میں نیویارک کے ہم پلّہ ہے مگر کراچی کی ایک سڑک پر پڑا ننھا لاشہ صوبائی حکومت کی بے حسی اور قانون کے لئے لمحہ فکریہ ہے ، ملیر میں پیر کو واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک نوجوان، اس کی حاملہ بیوی اور حادثے کے نتیجے میں سڑک پر پیدا ہوئے اس جوڑے کے پہلے بچے کے جاں بحق ہونے پر شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کراچی میں ٹینکر و ڈمپر گردی نے اپنی حدود پار کرنا شروع کردی ہیں، حکومتی رٹ چیلنج کرتے ڈرائیور قانون کو اپنے گھر کی باندی بنائے دندناتے ہوئے گھوم رہے ہیں اور تمام واقعے پر سندھ حکومت بے حسی کا بدترین نمونہ بنی ہوئی ہے۔