• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملتان اور لاہور میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ،کالعدم تنظیم کے 4دہشتگرد گرفتار

ملتان ،خانیوال ،کوٹ ادو ،لاہور(نمائندگان ،ایجنسیاں) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے لاہور اور ملتان میں کامیاب کارروائیاںکرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 4دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکا  خیز مواد ، ڈیٹو نیٹرز ، منافرت پر مبنی لٹریچر سمیت دیگر سامان بھی برآمد ہوا ہے ۔ذرائع نے سی ٹی ڈی کے حوالے سے بتایا کہ لاہور میں خان کالونی گلبرگ میں کارروائی کر کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیاجن کی شناخت عبداللہ اور یعقوب شاہ کے نام سے ہوئی ہے ۔ گرفتار دہشتگردوں کا تعلق بین الاقوامی کالعدم تنظیم سے ہے ۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد لاہور میں حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے  انہیںمزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ دوسری جانب کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے ملتان کے نصیر اللہ چوک ہیڈ محمد والا روڈ سے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تعلق رکھنے والے 2مبینہ دہشتگرد بھی رفتار کر لیے جن کی شناخت جان محمد اور نعیم جان کے ناموں سے ہوئی ہے ۔ دہشت گردوں کے قبضے سے 2ہینڈ گرینیڈ اور داعش سے متعلق لٹریچر بھی برآمد ہوا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جان محمد داعش سے بھی رابطے میں تھا ۔دونوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے ۔ جبکہ  گزشتہ روز پولیس محمود کوٹ نے سرچ اپریشن کے دوران خیبر ایجنسی کے رہائشی الطاف خان آفریدی‘شبیر اللہ خان لکی مروت کے شمس اللہ خان کو حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے جبکہ انہیں رہائش فراہم کرنے والے مکان مالکان سعید اکبر‘الطاف خان ‘لائق خان کے خلاف 11پ الگ الگ مقدمات درج کرلئے ہیں‘ مزید براں  نواحی علاقہ کچاکھوہ 38-30/10R میں حساس اداروں نے پولیس کے ساتھ مشترکہ سرچ آپریشن کیا پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی کے دوران غیر قانونی ناجائز بھاری اسلحہ اور ایک عدد موٹرسائیکل سمیت12افراد گرفتار کرلیے ہیں جن سے مذید تفتیش جاری ہے   
تازہ ترین