ایک جاپانی نوجوان کا کہنا ہے کہ اس کے عجیب و غریب نام ’ہیپی‘ نے اس کی پوری زندگی تباہ کرکے رکھ دی۔
27 سالہ ہیپی نے اپنی دکھ بھر ی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ اپنے اس غیر عمومی نام کی وجہ سے وہ ہمیشہ مسائل کا شکار رہا۔
اس نے کہا کہ بچپن میں اس سے لڑکے چھیر چھاڑ کرتے جبکہ بالغ ہونے پر اسکی تضحیک کی جاتی تھی۔ اسکا پورا نام تیراؤچی ہیپی ہے اس کے مطابق جب اس کی والدہ نے اس کا یہ غیر روایتی نام چنا تو انھیں اندازہ نہیں ہوگا کہ زندگی بھر ان کے بیٹے کو کس قدر مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
تاہم اس کا کہنا ہے کہ اسے والدہ سے کوئی شکوہ نہیں ہے، کیونکہ ماں نے تو میرا نام ’ہیپی‘ اپنی اس غیر معمولی خوشی کے اظہار کےلیے رکھا جو ان کو میری پیدائش سے ہوئی تھی۔
درحقیقت یہی وجہ ہے کہ اس نے کبھی بھی قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کرنے کوشش نہیں کی، حالانکہ اس کی وجہ سے اسے کافی پریشانی کا سامنا ہے۔
بدقسمتی سے بڑے ہونے کے باوجود حالات میں بہتری نہیں آئی، جب بھی نوکری کی درخواست بھیجتا تو کمپنیاں یہ سمجھتی تھیں کہ میں ان سے مذاق کر رہا ہوں، جبکہ اسی نام کی وجہ سے اس کے رومانوی تعلقات بھی ناکام رہے۔
اسے سالگرہ یا تعطیلات منانے سے نفرت ہوگئی تھی۔ کیونکہ ایسے موقع پر مبارکباد کے ساتھ لفظ خوش جیسے ہیپی برتھ ڈے کہا جاتا ہے، اس کی وجہ سے دوسرے لڑکے اس سے چھیڑ چھاڑ کرتے اور کہتے کہ آپ خوش ہیں، لیکن آپ خوش نظر نہیں آتے یا پھر دیگر جملے کستے۔
جونیئر کالج میں داخلے کی تقریب کے دوران جب اس کا نام پکارا گیا، تو سب اسکی طرف دیکھنے لگے جس سے وہ مایوسی محسوس کرنے لگا۔ ایک مرتبہ تو وہ قانونی طور پر اپنا نام تبدیل کرنے کے لیے تیار ہو گیا تھا، لیکن پھر اسے اپنی ماں کا خیال آیا اور اس نے ایسا نہیں کیا۔
ایک ٹی وی شو میں اس نے دعویٰ کیا کہ اس کے نام نے اس کی شادی نہ ہونے دی۔ کیونکہ اس کی گرل فرینڈ کے اہل خانہ سے ملنے کے موقع پر اس کے نام پر لڑکی کے والدین کو پہلو بدلتے دیکھ سکتا تھا اور بالآخر رشتہ ٹوٹ گیا۔