• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

80 سالہ بھارتی بزرگ جوڑے کی ناقابلِ یقین محبت کی داستان


80 سالہ بزرگ جوڑے کی ناقابلِ یقین محبت کی داستان سامنے آ گئی، ہرش اور مرونو نے اپنی شادی کی 64 ویں سالگرہ انوکھے انداز سے منائی۔

بھارتی گجرات سے تعلق رکھنے والے بزرگ جوڑے نے 64 سال پہلے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی، آخرکار اب انہوں نے اپنے خوابوں کی طرح دوبارہ شادی کی ہے اور اصل تقریب کا تجربہ کیا۔

 ان کی دل کو چھو لینے والی محبت کی کہانی نے سوشل میڈیا پر لاکھوں لوگوں کو متاثر کیا ہے۔

ہرش اور مرونو نامی یہ جوڑا بچپن کے ساتھی تھے، مگر مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے کے باعث ان کے خاندان ان کی شادی کے خلاف تھے۔

1960ء کی دہائی میں جب محبت کی شادیاں عام نہیں تھیں، انہوں نے چھپ کر خط و کتابت کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

جب مرونو کے والدین نے شادی کی اجازت دینے سے انکار کیا، تو اس نے ایک انتہائی قدم اٹھایا اور میں واپس نہیں آؤں گی کا خط چھوڑ کر ہرش کے ساتھ بھاگ گئی اور دونوں نے ایک نئی زندگی کا آغاز کیا۔

6 دہائیوں بعد ان کے بچوں اور پوتے پوتیوں نے انہیں شادی کی سالگرہ پر ایک شاندار تحفہ دیا اور ان کی دوبارہ رسم و رواج کے تحت شادی کروائی جو ان کا ہمیشہ سے خواب تھا اور چھپ کر شادی کرنے کی وجہ سے ادھورا رہ گیا تھا۔

یہ جذباتی لمحات انسٹاگرام پر شیئر کیے گئے، جہاں لاکھوں لوگوں نے ان کی کہانی کو سراہا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید