• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکساس: 23 مارچ کو بطور یومِ پاکستان تسلیم کرنے کی قرارداد منظور

— جنگ فوٹو
— جنگ فوٹو

امریکی ریاست ٹیکساس میں ایوانِ نمائندگان نے 23 مارچ کو ’یومِ پاکستان‘ کے طور پر تسلیم کرنے کی قرارداد منظور کر لی ہے۔ 

یہ تاریخی اقدام ٹیکساس میں مقیم پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے لیے ایک اہم اعزاز ہے، جو ان کی سماجی، مذہبی، لسانی اور اقتصادی خدمات کے اعتراف کے طور پر سامنے آیا ہے۔

یہ قرارداد ریاستی رکنِ اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی نے پیش کی، جس میں تسلیم کیا گیا کہ پاکستانی ٹیکساسز نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت، ثقافتی پسِ منظر اور امن و خوشحالی کے اصولوں کے ذریعے ٹیکساس کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ 

قرارداد کی منظوری کے موقع پر ٹیکساس میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل، محمد آفتاب چوہدری بھی ایوان میں موجود تھے۔ 

اس موقع پر قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری نے ایوان کے اسپیکر، ڈسٹن بروز سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور قرارداد کی منظوری میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ 

ملاقات کے دوران قونصل جنرل نے اسپیکر اور دیگر ریاستی نمائندوں اور کاروباری شخصیات کے وفد کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

بعد ازاں، قونصل جنرل نے ریاستی رکنِ اسمبلی ڈاکٹر سلیمان لالانی کی جانب سے ٹیکساس کی قانون ساز اسمبلی کے اراکین اور مقامی معززین کے اعزاز میں دیے گئے ایک افطار ڈنر میں بھی شرکت کی۔ 

یہ تقریب ٹیکساس کیپیٹل میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

یہ پیش رفت ناصرف پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے مزید مستحکم ہونے کی راہ بھی ہموار ہو گی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید