مرتّب: طلعت عمران
عیدالفطر کے موقعے پر حسبِ روایت، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح کچھ کھٹے میٹھے اور کچھ تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی ڈھیروں ڈھیر پیغامات وصول ہوئے۔ آپ کے خُوب صُورت پیغامات کی ایک قسط تو ہم اپنے ’’عیدالفطر ایڈیشن‘‘ میں شیڈول کر چُکے ہیں۔ تو لیجیے، آج ملاحظہ فرمائیے، پیاروں کے نام پیغامات کا یہ دوسرا اور آخری حصّہ۔
(علی حسن، اُسامہ واجد، رقیہ اور زینب کے لیے)
فاصلے کے اعتبار سے تو آپ ہم سے بہت دُور کینیڈا میں ہیں، مگر ویسے آپ ہمیشہ ہمارے دل کے قریب ہیں۔ ہم سب آپ کو بہت مِس کر رہے ہیں۔ آپ کو ہماری طرف سے عیدالفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (واجد علی شاہین اینڈ فیملی، لاہورکی طرف سے)
(بھائیوں اور بھتیجے کے نام)
میرے بھائیوں کاشف، وجی، تنزیل اور بھتیجے محمدروحان کودل کی گہرائیوں سے عیدالفطر مبارک ہو۔ (طاہرہ، کراچی کی طرف سے )
(بزرگوں اور نسلِ نو کے لیے)
میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عیدِ سعید کی بے پناہ خوشیوں سے نوازے، بزمِ سحری کے نعت خوانوں، گھروں کی چھت سے ہلالِ عید دیکھنے اور عید کارڈ سپردِ ڈاک کرنے والی آخری نسل کے بزرگوں اور سوشل میڈیا کا مناسب اوقات میں مثبت استعمال کرنے والی نسلِ نو کو۔ (ڈاکٹرادیب عبدالغنی شکیل، قدیر آباد، ملتان کا پیغام)
(پیار ی امّی جان کے نام)
پیاری امّی جان! آپ نے مجھ سمیت اپنے تمام بچّوں کی بہت اچّھی پرورش کی ہے ۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہمیشہ صحت مند اور تن دُرست و توانا رکھے۔ آپ کو میری طرف سے عیدالفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (احسن خان کی طرف سے)
(پیاری نانی جان اور نانا جان کی خدمت میں)
میرے پیارے نانا جان اور نانی جان!میری دلی تمنّا ہے کہ عید کی مسرّتیں آپ کی زندگی میں خوشی و سکون لے کرآئیں۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے اور آپ کو اپنی تمام رحمتوں سے نوازے۔ میری جانب سے آپ کوعید مبارک ہو۔ (اسماء خان، میرپورخاص کا اندازِ عقیدت)
(مرحوم والدین کے نام)
پیارے ابّو، امی! جب بھی کوئی تہوار یا خوشی کا موقع آ تا ہے، تو آ پ دونوں کی یاد بےچین کرکے رکھ دیتی ہے، بالخصوص چاند رات کو ابّا کا میرے ہاتھوں پر منہدی لگانا، چوڑیاں پہنانا، امّی کا سویّاں بنانا اور چچا کا پانچ روپے عیدی دینا (اور وہ پانچ روپے لےکربھی ہم شیخ چلی بن جاتے تھے) میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ میرے پیارے والدین کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔ (آ مین) (شاہدہ ناصر کا پیغام)
(بچھڑے ہوئے پیاروں کے نام)
؎ میل دِلوں سے نفرتوں کا دھوئیے تو عید ہے…ہر کسی کے دُکھ میں شامل ہوئیےتو عید ہے…زیست میں رشتے کا ہونا تو ضروری ہے مگر…زندگی رشتوں کے اندر بوئیے تو عید ہے۔ (شکیل احمد، کراچی کا سندیسہ)
(پیارے بھائی سکندر علی کے لیے)
پیارے بھائی! یہ پہلی عید ہے، جو ہم آپ کے بغیر منا رہے ہیں اور یقین کریں، آپ کی کمی بہت شدّت سے محسوس ہو رہی ہے۔ امی، ابّو اورہم سب کی طرف سےآپ کو دِل کی گہرائیوں سے عید مبارک ہو۔
ہماری دُعا ہے کہ آپ جہاں بھی رہیں، خوش و خرّم رہیں، آپ کا ہر ہر لمحہ مسکراہٹوں سے بھرپور ہو اور اگلی عید پر ان شاء اللہ تعالیٰ ہم سب ایک ساتھ ہوں۔ (ایمان فاطمہ کی جانب سے)
(اہلِ پاکستان کے لیے)
ہماری طرف سے آپ سب اور تمام اہلِ اسلام کو عید الفطر بہت بہت مبارک ہو۔ (حارث محمود بھٹی، طیب علی، محمّد مسعود علی اور فرید انجم، پاک پتن کی طرف سے)
(اہلِ خانہ کے نام)
تمام اہلِ خانہ کو عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے۔ (صفیہ فرید، عظمیٰ، شمع اور اُشنا، لاہور کی جانب سے)
(پیاروں کے نام)
میری طرف سے میرے تمام پیاروں کو میٹھی عید کی میٹھی میٹھی مبارک باد قبول ہو۔ (محمد موحد، محمد ابان، لاہورکی جانب سے)
(پاکستانی قوم کے لیے)
پاکستانی قوم کو میری طرف سے عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ (فرید اقبال انجم، محمد فصیح، پاک پتن کا پیغام)
(میری زندگی کی حسین ساتھی، راشدہ اطہر کے نام)
میری چالیس سالہ ازدواجی حیات کا اَن مول تحفہ، میری غم گُسار، دَم ساز، ہم راز!! اللہ تبارک تعالیٰ تمہیں عیدالفطر کی ایسی کئی خوشیاں، مسرّتیں، راحتیں شادمانیاں دیکھنا نصیب فرمائے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، فیصل آباد کا شریکِ حیات سے اظہارِمحبّت)
(مظہر امام کو خراجِ عقیدت)
مظہر امام جنوری 2025ء کے پہلے ہفتے میں اللہ کو پیارے ہوگئے۔ وہ ایک سرکاری ادارے میں ڈی جی (آڈٹ) تعینات رہے۔ مرحوم ہمیشہ شگفتہ، مختصر، پُرمغز اوربامقصد گفتگو کرتے اور اپنے ماتحت عملے کی آراء اور مشوروں کو بھی بہت اہمیت دیتے۔
وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمّے داریاں ایمان داری کے ساتھ نبھانے کے علاوہ دین پر بھی سختی سے کاربند رہے۔ عیدالفطر کے موقعے پر ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کے لواحقین کو صبرِحمیل کے بدلے اجرِعظیم عطا فرمائے اور مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں رکھے۔ (آمین) (میم ، عین، راول پنڈی سے)
(نرجس ملک اور اُن کی ٹیم کے نام)
نرجس بٹیا! تمہیں اور ’’جنگ، سن ڈے میگزین‘‘ کی ٹیم کومیری طرف سےبہت بہت عید مبارک۔ مُلکی اور بالخصوص صحافتی دُنیا کے سخت اور مشکل ترین حالات کے باوجود تم نے جس لگن اور جاں فشانی سےجنگ، سن ڈے میگزین کو نہ صرف زندہ رکھا بلکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ اِس کی دل کشی و حُسن اور معیار میں اضافہ بھی کیا، اس پر مَیں تمہیں دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں اور دُعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمہاری ان بیش بہا صلاحیتوں میں مزیداضافہ فرمائے۔ (آمین) (پروفیسر سیّد منصور علی خان کا خراجِ تحسین)
(اہلِ وطن کے لیے)
میری طرف سے تمام اہلِ وطن کو عید مبارک۔ میری دُعا ہےکہ اللہ تعالیٰ ہمارے مُلک کو بھی ترقّی کی راہ پر گام زن کردے اور ہر قسم کی شر انگیزی سے محفوظ و مامون رکھے۔ (حیات الحسینی ،کراچی کی طرف سے)
(شریکِ حیات کے نام)
؎ تیری دِید جس کو نصیب ہو …وہ دِید قابلِ دید ہے… تُجھے سوچنا میری چاند رات… تُجھے دیکھنا میری عید ہے۔ (زین العابدین، ابوظبی سے)
( تمام پاکستانیوں کے نام)
ہم سب کی طرف سے تمام پاکستانیوں کو عیدالفطر کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (مناہل فاطمہ،آمنہ، فائزہ، اسوہ اور عروش، ساہی وال کی طرف سے)
(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)
پوری اُمّتِ مسلمہ کو عید کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ اللہ تعالیٰ عالمِ اسلام کو اتحاد و اتفاق اور ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنی نصیب فرمائے۔ (عبدالماجد، عبدالواجد اور عبداللہ، ڈھوک مستقیم، پشاور روڈ ،راول پنڈی سے)
(پیارے پاپا کے نام)
پاپا جانی! آپ کو میری جانب سے 2025ء کی پہلی عید بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ آپ کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے اور آپ کو ایسی ہزاروں خوشیاں عطا فرمائے۔ (ماہم عمران، گلستانِ جوہر، کراچی کی محبت)
(پیاروں کے لیے)
میر ی طرف سے فہد محبوب اور شان کو بڑی محبتوں کے ساتھ بہت بہت عید مبارک۔ (شبّرزیدی کا پیغامِ الفت)
(جانِ متاع کے لیے)
؎ میری آ رزوؤں کی تمہید تم ہو…میرا چاند تم ہو، میری عید تم ہو۔ (خدیجہ زین، دُبئی کی طرف سے )
(اُمّتِ مسلمہ کے لیے)
میری طرف سے پوری اُمّتِ مسلمہ کو عیدِ سعید بہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عالمِ اسلام کو اتحاد و اتفاق عطا فرمائے اور فلسطین و کشمیر سمیت ہر جگہ مسلمانوں کے دشمنوں کو شکستِ فاش کا سامنا کرنا پڑے۔ (راشد عزیز، ملتان روڈ، لاہورکی دِلی تمنّا)
(پیارے پیارے والدین کے نام)
والدین کا رشتہ، ایک اَن مول بندھن، قدرت کا تحفۂ خاص ہے کہ والدین ہی کے دم قدم سے زندگی میں راحت و مُسکراہٹ ہے۔ میری طرف سے میرے پیارے والدین کو عیدِ سعید بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالیٰ اُن کا سایہ ہمارے سَروں پر تادیر قائم رکھے۔ (رابعہ سلیم، سکھر کا چاشنی بھرا پیغام)
(مریم یلدرم کے لیے)
میری طرف سے تمھیں میٹھی عید کی ڈھیروں مبارک باد۔ اور… عید کے اس پُر مسرّت موقعے پر مَیں تمھیں یہ پیغام دینا چاہتی ہوں کہ اپنا مقصد ہمیشہ یاد رکھنا اور کبھی ہمّت و حوصلہ مت ہارنا۔ تم ایک دن تاریکیوں میں اُجالا کرو گی ان شاء اللہ تعالیٰ۔ مجھے تمہاری صلاحیتوں پر پورا بھروسا ہے۔ (فاطمہ یلدرم کی محبت اور حوصلہ افزائی)
(گڑیا کے نام)
گڑیا بہن! تمہیں میری طرف سے بہت بہت عید مبارک۔ اللہ تعالیٰ تمہیں ہمیشہ خوش باش رکھے اور خوب ہمت و استقامت عطا فرمائے۔ (مشعال فاطمہ کی جانب سے)
(بہت اپنوں کے نام)
میرے بھائیوں، بھابھیوں،بڑے کزن اور اسلام آباد میں رہنے والی بہن کوتہہ دل سے عید الفطرمبارک ہو۔ (کرن اکبر، روہڑی کی طرف سے)
(اہلیہ شازیہ عمران کے لیے)
؎ یہ سال تیرے واسطے خوشیوں کا نگر ہو… کیا خُوب ہو، ہر روز تیری عید اگر ہو… ہر رات مسرّتوں کے نئے گیت سنائیں… لمحات کے پیڑوں پہ بھی شبنم کا ثمر ہو۔ (عمران خالد خان کی طرف سے)
(اہلِ خانہ اور بہن، بھائیوں کے نام)
پیاری بیگم، بیٹے حافظ عبدالصمد حسین اور بیٹیو حافظہ خوش بخت فاطمہ، حافظہ فضا فاطمہ، حافظہ سدرۃ المنتہیٰ فاطمہ اور حافظہ مقدس فاطمہ اورتمام بہن بھائیوں اور اُن کے اہلِ خانہ کو عید الفطربہت بہت مبارک ہو۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو دین و دُنیا کی تمام خوشیاں، کام یابیاں و کام رانیاں عطا فرمائے۔ (آمین ) (صبور مشتاق حسن، کراچی کا پیار)
(بانیٔ پاکستان کے نام)
بانیٔ پاکستان، قائدِ اعظم محمّد علی جناح بلند کردار کے مالک انسان تھے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی کچھ اصولوں کے مطابق بسر کی ۔ بر عظیم کے بڑے بڑے سیاست دان اُن سے نہایت عزّت و احترام سے پیش آتے تھے۔ عیدِ سعید کے موقعے پر میری دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اُن کے درجات بلند فرمائے اور ان کی قبر کو جنّت کے باغوں میں سے ایک باغ بنا دے۔ (عبدالجبّار خان بن عبدالعزیز خان، نارتھ ناظم آباد ٹاؤن، کراچی کا خراجِ عقیدت )
( پیاری چچا زاد بہن، عظمیٰ کے نام)
اللہ کے بےحد کرم، ہماری دُعاؤں، اپنی ان تھک محنت و جدوجہد اور مضبوط قوّتِ ارادی کی بدولت اپنا مقام خُود بنانے والی اور اوائلِ عُمری ہی میں امریکا جابسنے والی بہت ہی معصوم سی بہن عظمیٰ کو میری جانب سے عیدِ مسرّت ڈھیرساری دُعاؤں اور انتہائی تہنیتی جذبے کے ساتھ مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ وہ جہاں بھی رہے،بہت خوش رہے، لیکن ہمیں نہ بُھولے۔ (ایم شمیم نوید، گلشنِ اقبال، کراچی کا خلوص و اپنائیت)
(صائم عبداللہ اور عفرا گُل کے لیے)
نورِ چشم، سکونِ قلب، پیارے بیٹے صائم عبداللہ اور جان سے پیاری بیٹی، عفرا گُل آپ کو اپنے ابّو کی طرف سے عیدالفطر کی ڈھیروں ڈھیر مبارک باد۔ اللہ تعالیٰ تم دونوں کو ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے، بلکہ تمہارا ہر دِن ہی عید ہو، خاص طور پر عفرا سے کہوں گا۔ ؎ بِیتیں تِرے جیون کی گھڑیاں، آرام کی ٹھنڈی چھاؤں میں… کانٹا بھی نہ چُبھنے پائے کبھی، مِری لاڈلی ترے پاؤں میں۔ (ایم ایس خان، گوجرانوالہ کی جانب سے)
(مرحوم والدین کے نام)
دُنیا کا عزیز ترین رشتہ، والدین کا رشتہ ہے، جو ہر خوشی وغم کے موقعے پر بہت یاد آتے ہیں اور بہت خوش نصیب ہیں وہ لوگ کہ جو اپنے والدین کے ساتھ خوشی کے مواقع، تہوار مناتے ہیں۔ ہم سب بہن بھائی بھی، اپنے والدین کے ساتھ تہوارِعید انتہائی مسرت وشادمانی سے منایا کرتے تھے، لیکن اِمسال عید کے روز خوشی کےساتھ رنج والم کے بادل بھی ہمارے سروں پرسایہ فگن ہیں۔
شفیق و مہربان ماں، باپ کی گزشتہ سال رحلت کے بعد عید کی خوشیاں ماند سی پڑگئی ہیں۔ ایسا لگ رہا ہے کہ والدین کے اس جہانِ فانی سے رخصت ہونے کے بعد مسکراہٹیں اور شاید ساری خوشیاں بھی دفن ہوگئی ہیں۔
ہرعید پرآپ سے عیدی وصول کر کے جو خوشی ہوتی تھی، وہ اب کبھی میسّر نہیں آئے گی۔ پہلے عید ہمیشہ آپ کی مُسکراہٹوں اورشفقت کے سنگ ہوتی تھی، مگر آج عید رنج و الم کی چادر میں چُھپ کر بہت پھیکی اور بےمعنی سی لگے گی۔ اے کاش! آپ واپس لوٹ سکتے۔ (قاضی جمشید عالم صدیقی، علاّمہ اقبال ٹاؤن، لاہورکی طرف سے)
(حفّاظ و علمائے کرام، خطباء اور دینی اسکالرز کے لیے)
تمام حفّاظِ کرام، علمائے دِین، خطباء اور دینی اسکالرز کو، جنہوں نے ماہِ رمضان کے دوران نمازِ تراویح میں قرأتِ قرآن سے دِلوں کو منوّر کیا اور بالخصوص جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں مفید دینی معلومات سے نہ صرف ہماری اخلاقی و روحانی تربیت کی بلکہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا، دل کی اتھاہ گہرائیوں سےعید سعید کی مبارک باد۔ (مبارک علی ثاقب، سیٹلائٹ ٹاؤن، راول پنڈی کا خراجِ تحسین)
(پاک فوج، رینجرز کے جوانوں اور افسران کے نام)
اپنے بیوی، بچّوں اورپیاروں سے دُور سرحدوں پر عید منانے والے پاک آرمی اور رینجرز کے جوانوں اور افسران کو عیدالفطر کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ آپ ہمارا فخروغرور، مان، شان ہیں۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کو خوشیوں سے لب ریز بےشمار عیدیں دیکھنی نصیب فرمائے۔ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ کا پیغام)