پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ سحر ہاشمی نے اداکاری کے شعبے میں آنے سے متعلق اپنی دلچسپ کہانی سنائی ہے۔
سحر ہاشمی کو آج کل جیو انٹرٹینمنٹ کی ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ میں اداکار دانش تیمور کے مدِ مقابل دیکھا جا رہا ہے۔
ڈرامہ سیریل ’من مست ملنگ‘ کو شائقین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے جبکہ اداکارہ سحر ہاشمی کی شہرت میں بھی دن دگنی رات چگنی ترقی ہو رہی ہے۔
سحر ہاشمی نے حال ہی میں ’جیو نیوز‘ کے مزاحیہ شو ’ہنسنا منع ہے‘ میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے ناصرف اپنی چلبلی اور زندہ دل شخصیت سے ناظرین کو خوب محظوظ کیا بلکہ متعدد سوالات کے جواب بھی دیے۔
اداکارہ نے شو کے دوران بتایا کہ میرے 7 بہن بھائی ہیں اور میں سب سے چھوٹی ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں سحر ہاشمی نے بتایا کہ میں ایک کانٹینٹ کری ایٹر تھی، مجھے ایک دن کال آئی کہ اگر میں کراچی آ سکتی ہوں تو مجھے ڈرامہ سیریل میں ایک رول آفر کیا جائے گا، میں نے کہا کہ آپ جہاز کا ٹکٹ بھیج دیں میں آ جاؤں گی۔
انہوں نے بتایا کہ میں سوچ رہی تھی کہ ڈرامہ سیریل میں بہن، دوست یا کوئی اور سپورٹنگ رول ہو گا مگر مجھے مرکزی کردار آفر کیا گیا۔
سحر ہاشمی نے بتایا کہ مجھے پہلا کردار ہی سینئر اداکار فیصل قریشی کے مدِ مقابل آفر کیا گیا تھا جس کی میں نے ہامی بھر لی۔
سحر ہاشمی نے انکشاف کیا کہ اداکار دانش تیمور کے ہمراہ ’من مست ملنگ‘ میرا دوسرا ڈرامہ ہے، اس میں بھی میں مرکزی کردار ادا کر رہی ہوں۔
سحر ہاشمی نے انٹرویو کے دوران ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ مجھے فیصل قریشی کے بجائے دانش تیمور کے ساتھ کام کرنا اچھا لگ رہا ہے، فیصل قریشی کے ساتھ ڈرامے میں پہلی بار اداکاری کر رہی تھی، اس وقت میں اس شعبے میں نئی آئی تھی، مجھ میں اتنا اعتماد نہیں تھا، مگر اب مجھ میں کافی بہتری آ گئی ہے۔