محبت کی تلاش میں بھارتی شخص نے اپنی زندگی بھر کی 6.3 کروڑ روپے کی جمع پونجی گنوا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست نوئیڈا کے رہائشی دلجیت سنگھ نامی طلاق یافتہ شخص نے محبت کی تلاش میں ڈیٹنگ ایپ جوائن کی۔
ڈیٹنگ ایپ پر ان کی ملاقات انیتا نامی خاتون سے ہوئی، جس نے اپنا تعلق حیدرآباد سے بتایا۔
دلجیت سنگھ کے مطابق خاتون نے مبینہ طور پر انہین بعض کمپنیوں میں سرمایہ کاری کرنے کا مشورہ دیا۔
متاثرہ شخص کے مطابق انیتا نے میرا اعتماد حاصل کرنے کے بعد 3 مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا مشورہ دیا، اس کے مشورے پر میں نے ابتداً 3.2 لاکھ کی سرمایہ کاری کی اور مجھے 1 گھنٹے میں 24 ہزار بھارتی روپے کا فائدہ ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب میں نے منافع میں سے 8 ہزار روپے نکالے تو وہ باآسانی نکل آئے تو میرا اعتماد بڑھ گیا کہ اس کا مشورہ صحیح ہے، میں نے اس پر بھروسہ کر کے اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے 4.5 کروڑ اور بینک سے 2 کروڑ کا قرضہ لے کر اس کے مشورے پر 3 مختلف کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی۔
دلجیت سنگھ کے مطابق سرمایہ کاری کے بعد جب منافع نکالنے لگا تو معلوم ہوا کہ 2 کمپنیاں پہلے ہی بند ہو چکی ہیں جبکہ تیسری کمپنی نے منافع نکالنے کے لیے رقم کا 30 فیصد منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، جس پر میں نے انکار کر دیا تو انہوں نے مجھ سے رابطہ منقطع کر دیا۔