• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا: جولیا کریک قصبے میں کوئی ڈاکٹر جانے کو تیار نہیں

فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا
فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا 

آسٹریلیا کے ایک دور دراز قصبے میں جہاں ڈاکٹرز کو لاکھوں ڈالرز تنخواہ، مفت رہائش اور ساتھ گاڑی کی بھی پیشکش کی جا رہی ہے لیکن پھر بھی کوئی ڈاکٹر وہاں جانے کے لیے راضی نہیں ہو رہا۔

آسٹریلوی ریاست کوئنزلینڈ کے دور دراز قصبے جولیا کریک کی آبادی 500 افراد پر مشتمل ہے، یہاں پر ایک ڈاکٹر کی تنخواہ برسبین جیسے بڑے شہر کے مقابلے میں تقریباً دُگنی ہے۔ 

اس قصبے میں اس وقت صرف ایک ہی ڈاکٹر موجود ہے جو جلد ہی قصبہ چھوڑ کر جانے والا ہے اسی لیے اس عہدے پر نئے امیدوار کو راغب کرنے کے لیے 680,000 آسٹریلوی ڈالر تک کی تنخواہ کے علاوہ مفت رہائش اور گاڑی کی پیش کی جا رہی ہے لیکن اس کے باوجود بھی کوئی ڈاکٹر اس قصبے میں نہیں آنا چاہتا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ برسبین شہر اس قصبے سے 17 گھنٹے کی مسافت پر ہے، اس قصبے کے سب سے قریب ایک بڑا شہر ٹاؤنزویل موجود ہے اور وہ بھی 7 گھنٹے کی مسافت پر ہے۔

یہاں صرف یہی ایک مسئلہ نہیں ہے بلکہ جو بھی ڈاکٹر یہاں آنے کا فیصلہ کرے گا اسے یہاں شدید گرمی اور حشرات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

تاہم اس قصبے میں 2022ء سے مقیم ڈاکٹر ایڈم لاؤس کا کہنا ہے کہ جو بھی ڈاکٹر یہاں آنے کا فیصلہ کرے گا اسے پُرسکون طرزِ زندگی کے ساتھ ایسی مہارتیں سیکھنے کا موقع بھی ملے گا جو اس نے پہلے کبھی استعمال نہیں کی ہوں گی۔

دلچسپ و عجیب سے مزید