یورپی کمیشن کی سربراہ ارزولا فان ڈیئر لائن کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر امریکی جوابی ٹیرف کے ردِعمل میں مضبوط منصوبہ موجود ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سربراہ یورپی کمیشن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹیرف پلان پر ردعمل ظاہر کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نئے ٹیرف صرف افراط زر میں اضافہ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ تجارت پر بات چیت کے لیے تیار ہیں، ردعمل دینے کے لیے امریکی اعلانات کا احتیاط سے جائزہ لیں گے۔
درین اثناء چینی وزیرخارجہ وانگ یی نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جوابی ٹیرف کے نفاذ پر ردعمل ظاہر کیا۔
چینی وزیرخارجہ کا کہنا ہے کہ نئے ٹیرف سے امریکا کو موجودہ مسائل کو حل کرنے میں مدد نہیں ملے گی، اس کے نفاذ سے عالمی منڈی، تجارتی نظام اور امریکا کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچے گا۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چین، جاپان اور جنوبی کوریا امریکی ٹیرف کا مشترکہ طور پر جواب دیں گے۔
ادھر برطانونی وزیر تجارت کا کہنا ہے کہ امید ہے امریکا کی جانب سے عائد کوئی بھی ٹیرف ہفتوں یا مہینوں میں واپس لے لیا جائے گا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2 اپریل سے امریکا میں ٹیرف کے نفاذ کا اعلان کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جوابی ٹیرف کی تفصیلات کل پیش کی جائیں گی، جوابی ٹیرف عائد کرتے ہوئے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ اچھا برتاو کریں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم نے ہر کسی کی مدد کی اور کسی نے ہماری مدد نہیں کی، ہم دوسرے ممالک کے مقابلے میں بہت اچھے ہونے جا رہے ہیں۔