• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد خان کی بالی ووڈ میں 9 سال بعد واپسی، بھارت میں جلن پیدا ہونے لگی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی سُپر اسٹار اداکار فواد خان فلم ’عبیر گلال‘ سے 9 برس بعد بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار ہیں تاہم ان کی واپسی ایک بار پھر تنازع کا شکار ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راج ٹھاکرے کی جماعت مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) نے فلم ’عبیر گلال‘ کی ریلیز کی مخالفت کر دی ہے۔

خیال رہے کہ 2023 میں بھارتی عدالت نے شیو سینا کی جماعت کی جانب سے دائر کردہ اپیل مسترد کرتے ہوئے پاکستانی فنکاروں پر عائد خود ساختہ پابندی ختم کر دی تھی۔

اس کے باوجود ہندو انتہا پسند جماعتوں نے پاکستانی فنکاروں کے بالی ووڈ میں کام کرنے پر خود ساختہ پابندی کو برقرار رکھا ہوا ہے یہی وجہ ہے کہ 2018 کے بعد سے اب تک کسی پاکستانی فنکار نے بھارتی پروجیکٹ میں کام نہیں کیا ہے۔

گزشتہ روز فواد خان اور اداکارہ وانی کپور کی فلم ’عبیر گلال‘ کا ٹیزر ریلیز ہونے کے بعد ایم این ایس نے اس کی مخالفت کی ہے۔

ایم این ایس کے ترجمان امیہ کھوپکر نے فواد خان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم عبیر گلال میں پاکستانی فنکار کے شامل ہونے کی وجہ سے فلم کو ریلیز نہیں ہونے دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی حالت میں ہم ایسی فلموں کو ریاست میں ریلیز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، جس میں پاکستانی فنکار موجود ہوں۔ ہم فلم کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں اور جلد ہی مکمل بیان جاری کریں گے۔

ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا کے رہنما سنجے نروپم نے بھی ایم این ایس کے مؤقف کی حمایت کردی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید