بالی ووڈ کی مشہور جوڑی ایشوریہ رائے اور ابھیشیک بچن نے بیٹی کے ساتھ ایک شادی میں مشہور گانے کجرا رے پر رقص کر کے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
ایشوریہ رائے بچن اور ابھیشیک بچن نے حال ہی میں پونے میں ہونے والی فیملی شادی میں شرکت کی، یہ شادی ایشوریہ کی کزن شلوکا شیٹی کے بھائی کی تھی، تقریب میں ان کے ساتھ ان کی بیٹی آرادھیا بھی موجود تھی، شادی کی تصاویر اور ویڈیوز نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔
انٹرنیٹ پر ایک نئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ایشوریہ اور ابھیشیک کو ان کے مشہور گانے کجرا رے پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ گانا 2005ء کی فلم بنٹی اور ببلی کا ہے، جس پر دونوں اداکاروں نے ایک بار پھر اسٹیج پر وہی ڈانس اسٹیپس دوبارہ پیش کیے۔
مداحوں کے لیے سب سے دلچسپ لمحہ تب آیا جب آرادھیا نے بھی اپنے والدین کے ساتھ ڈانس کیا اور ان کے اسٹیپس کو بخوبی نبھایا، ویڈیو کے وائرل ہوتے ہی مداحوں نے اس فیملی پرفارمنس کو سراہا۔
یہ تقریب اس لحاظ سے بھی اہم رہی کہ حالیہ دنوں میں ایشوریہ اور ابھیشیک کی ازدواجی زندگی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم جوڑے نے ان افواہوں کو بے بنیاد ثابت کرتے ہوئے ایک ساتھ کئی تقریبات میں شرکت کی۔