بالی ووڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ میں انڈہ بھی اُبال نہیں سکتی، سیف مجھ سے بہتر کک ہیں۔
بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کرینہ کپور خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اور اُن کے شوہر اداکار سیف علی خان اب گھر پر خود کھانا پکانے لگے ہیں، مگر سیف ان سے کہیں بہتر باورچی ہیں۔
یہ بات کرینہ نے اپنی غذائی ماہر رجوتا دیویکر کی نئی کتاب The Commonsense Diet کی تقریبِ رونمائی میں کہی۔
کرینہ کپور نے کہا کہ کام کے طویل دن کے بعد گھر کا پکا ہوا کھانا کسی نعمت سے کم نہیں، اب سیف اور میں خود بھی کھانا پکاتے ہیں اور ہمیں اس کا مزہ آنے لگا ہے، یہ ہماری زندگی کا حصہ بن گیا ہے، سیف مجھ سے کہیں بہتر کک ہیں، میں تو انڈہ بھی نہیں اُبال سکتی۔
44 سالہ کرینہ نے کہا کہ کھانے کے معاملے میں زیادہ مسئلہ نہیں کرتی اور کئی دنوں تک ایک ہی کھانے سے خوش رہتی ہوں، اگر 3 دن کھچڑی نہ کھاؤں تو مجھے اس کی طلب ہونے لگتی ہے، میرا خانساماں پریشان ہوتا ہے کیونکہ میں ایک ہی کھانا 10 سے 15 دن تک کھا سکتی ہوں، مجھے ہفتے میں 5 دن کھچڑی کھانے پر کوئی اعتراض نہیں، خاص طور پر اگر اس پر گھی کی ہلکی سی تہہ ہو۔
کرینہ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ کپور خاندان کو پایا سوپ بے حد پسند ہے، پایا سوپ ہمارے خاندان کے لیے سونے کی ڈش جیسی ہے، ہم سب اسے بہت پسند کرتے ہیں۔
مداحوں نے کرینہ کے اس انداز کو سراہا اور اسے سادگی میں خوشی کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔