انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے بھارتی اسٹار کھلاڑی مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ کی خبریں زور پکڑنے لگی ہیں۔
چنئی سپر کنگز اور دہلی کیپیٹلز کے درمیان حالیہ میچ کے بعد ایک بار پھر سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی آئی پی ایل سے ممکنہ ریٹائرمنٹ کی خبریں زور پکڑ گئیں۔
43 سالہ دھونی کی کارکردگی، خاص طور پر بیٹنگ میں کمی نے قیاس آرائیوں کو ہوا دی کہ یہ آئی پی ایل سیزن ان کا آخری ہو سکتا ہے، تاہم ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے دھونی نے ان تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی کوئی فیصلہ کرنے کے موڈ میں نہیں ہیں۔
ایم ایس دھونی نے کہا کہ میں فی الحال آئی پی ایل کھیل رہا ہوں اور ہر سال کو الگ دیکھتا ہوں۔ میں 43 برس کا ہوں، اور جولائی تک 44 کا ہوجاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ میرے پاس 10 ماہ ہوں گے یہ فیصلہ کرنے کےلیے کہ آیا اگلے سال کھیلنا ہے یا نہیں؟ یہ میرا فیصلہ نہیں ہوگا، بلکہ میرے جسم کا ہوگا کہ وہ کھیلنے کے قابل ہے یا نہیں۔
خیال رہے کہ دھونی نے اس سیزن میں فٹنس اور وکٹ کیپنگ کے شعبے میں شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کی تیزی اور ذہانت بدستور نمایاں ہے، لیکن بیٹنگ میں وہ تاحال جدوجہد کر رہے ہیں۔
موجودہ سیزن کے چار میچز میں وہ صرف ایک بار آؤٹ ہوئے، مگر کسی اننگز کو دھونی اپنے انداز میں "فنِش" نہیں کر پائے۔
دہلی کیپیٹلز کے خلاف میچ میں دھونی نے 26 گیندوں پر 30 رنز بنائے لیکن ٹیم کو 50 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ چنئی سپر کنگز نے اس سیزن میں ابھی تک صرف ایک ہی فتح حاصل کی ہے۔