بھارتی لیجنڈ اداکار امیتابھ بچن کی اہلیہ، بالی ووڈ اداکارہ جیا بچن اداکار منوج کمار کی دعائیہ تقریب میں مداح کے تصویر بنانے پر برہم ہو گئیں جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ جیا بچن اپنی تیز مزاجی کے لیے جانی جاتی ہیں اور حال ہی میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ منوج کمار کی دعائیہ تقریب کے دوران ایک بزرگ خاتون اور موبائل سے تصویر بناتے ان کے ساتھی پر برہم ہوتی دکھائی دیں۔
یہ واقعہ اتوار کے روز منعقدہ دعائیہ تقریب میں پیش آیا، جہاں فلم انڈسٹری کی متعدد مشہور شخصیات موجود تھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیا بچن خواتین کے ایک گروپ سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک ایک بزرگ خاتون ان کے کندھے پر ہاتھ رکھتی ہیں، جیا بچن حیرت سے پیچھے مڑتی ہیں، جہاں ایک مرد موبائل فون سے تصویر بنانے کی کوشش کرتا ہے، جب بزرگ خاتون مصافحے کے لیے ہاتھ بڑھاتی ہیں تو جیا بچن ان کا ہاتھ ایک طرف ہٹا دیتی ہیں اور مرد کو ایسی تقریب میں تصویر لینے پر جھاڑ دیتی ہیں۔
یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی ہے اور مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
بعض صارفین نے جیا بچن کے رویے کو سخت اور بدتمیز قرار دیا، جبکہ دیگر کا کہنا تھا کہ سنجیدہ دعائیہ تقریب میں تصاویر لینے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ معروف اداکار منوج کمار دل کی تکلیف کے باعث ممبئی کے اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
ان کی دعائیہ تقریب میں بالی ووڈ کی کئی نامور شخصیات نے شرکت کی، جس میں عامر خان، آشا پاریکھ، رمیش سپی، راکیش روشن، جونی لیور، جاوید جعفری، سُبھاش گھئی، ارونا ایرانی، رنجیت، شیکھر سمن، ونودا را سنگھ، مکیش رشی، ایشا دیول، زید خان، سونو نگم، اُدت نارائن، انو ملک اور دیگر شامل تھے۔