ممبر پارلیمنٹ بیڈفورڈ محمد یاسین نے کہا ہے کہ وہ اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بہت خوش ہیں کہ حکومت نے یونیورسل اسٹوڈیوز کے ساتھ بیڈ فورڈ شائر میں ایک ملٹی بلین پاؤنڈ تھیم پارک اور ریزورٹ بنانے کا معاہدہ کیا ہے۔
محمد یاسین نے کہا ہے کہ یہ منصوبہ بیڈفورڈ اور کیمپسٹن کے لیے گیم چینجر ہے، ہماری دہلیز پر ایک عالمی معیار کا تھیم پارک مقامی معیشت کو بدل دے گا جس سے ہماری کمیونٹی کے لیے ہزاروں ملازمتیں اور مواقع پیدا ہوں گے۔
ایم پی محمد یاسین جو پاکستان کے امور کے تجارتی ایلچی بھی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ پہلے دن سے ہم نے اس وژن کو زندہ کرنے کے لیے یونیورسل اسٹوڈیوز، مقامی کونسل کے افسران اور حکومتی وزراء کے ساتھ مل کر کام کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں نے ہمیشہ یقین کیا ہے کہ اتنے بڑے پروجیکٹ کے لیے بیڈفورڈ بہترین جگہ تھی اور اب ہم یورپ کے سب سے بڑے تھیم پارک کا گھر بننے کے لیے تیار ہیں، یہ مشرقی خطے میں برسوں کے معاشی زوال کے بعد سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حکومت کے وعدے کو پورا کرنے میں ایک بہت بڑا قدم ہے۔
ایم پی محمد یاسین کا کہنا ہے کہ یہ بہت اہم ہے کہ ہم اس کام کو درست طریقے سے کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ منصوبہ بندی کے پورے عمل میں مقامی آوازوں کو سنا جائے، میں اپنی کمیونٹی کے لیے اسے کامیاب بنانے کے لیے اس میں شامل ہر فرد کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے پُرجوش ہوں، مجھے بیڈفورڈ اور کیمپسٹن کے لیے اس شاندار موقع کا خیر مقدم کرنے پر فخر ہے۔