عائزہ خان اور دانش تیمور کی سیر و تفریح کی رومانوی تصاویر، حقیقت یا فی الحال تنازع کا کور اپ ہے؟ سوشل میڈیا پر نئی بحث چھِڑ گئی۔
پاکستان کی مشہور شوبز جوڑی عائزہ خان اور دانش تیمور ایک بار پھر خبروں میں ہیں، مگر اس بار وجہ ان کی رومانوی تصویریں نہیں بلکہ ’فِی الحال‘ تنازع کے بعد سوشل میڈیا پر آنے والا ردِعمل ہے۔
چند روز قبل ایک رمضان ٹرانسمیشن کے دوران دانش تیمور نے کہا تھا کہ مجھے 4 شادیوں کی اجازت ہے، مگر ’فِی الحال‘ ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
یہ بیان سنتے ہی سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہو گیا، مداحوں اور ناظرین نے اس جملے کو غیر حساس اور غیر ضروری قرار دیا، خاص طور پر لائیو نشریات میں۔
اس کے بعد عائزہ خان نے اپنے انسٹاگرام پر دانش تیمور کے ساتھ یورپ خصوصاً وینس، اٹلی کی رومانوی تصاویر شیئر کیں۔
انہوں نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ میں نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا کہ اپنے شوہر کے ساتھ وینس جاؤں، جیسے رنبیر کپور کی فلم میں دیکھا تھا اور آج وہ خواب پورا ہو گیا۔
تاہم ان تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین نے سوالات اٹھا دیے ہیں، کئی صارفین کا ماننا ہے کہ یہ سب دانش کے متنازع بیان کے بعد تصویری کور اپ ہے۔
صارفین نے کہا کہ ’فِی الحال‘ تنازع کے بعد انہوں نے اپنی نجی زندگی اتنی زیادہ شیئر کی ہے جتنی پہلے کبھی نہیں کی تھی۔
صارفین کا کہنا ہے کہ عائزہ اپنے شوہر کا بگاڑا ہوا امیج ٹھیک کر رہی ہیں، یہ سب ظاہر ہے، ’فِی الحال‘ والی بات کو کور اپ کرنے کی کوشش ہے۔