• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کنگز کے پلیئر فواد علی کا مزدور والد کو آرام کی زندگی فراہم کرنے کا خواب


پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے ابھرتے کھلاڑی فواد علی نے اپنے مزدور والد کو آرام و سکون کی زندگی فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

خیبر پختون خوا کے شہر سوات سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی فواد علی نے 12 اپریل کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کے تیسرے میچ میں ملتان سلطان کے ساتھ اپنا ڈیبیو میچ کھیلا۔

میچ کے بعد انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کی۔

فواد علی نے کہا کہ ڈیبیو میچ کے دوران مجھے کوئی گھبراہٹ محسوس نہیں ہوئی، میچ کے دوران کپتان ڈیوڈ وارنر اور حسن علی میرا حوصلہ بڑھا رہے تھے۔

فواد علی نے بتایا کہ یہ میرا پہلا میچ تھا اور میں بہت خوشی محسوس کر رہا تھا، میچ کے دوران نامور کھلاڑیوں کے درمیان کھیل رہا تھا۔

پی ایس ایل کے کھلاڑی نے کہا کہ ہمارے علاقے میں کرکٹ کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں ہیں، اس لیے میں نے پی ایس ایل سے قبل صرف ٹیپ بال کرکٹ ہی کھیل رکھی تھی۔

ان کا کہنا ہے کہ ٹیم میں سلیکشن کے بعد جب مجھے کراچی بلایا گیا تو یہاں  میں نے 3 ماہ پریکٹس کی اور مزید کرکٹ سیکھی۔

آل راؤنڈر فواد علی نے بتایا کہ میرا تعلق سوات سے ہے اور میرے والد محنت مزدوری کرتے ہیں، میری خواہش ہے کہ میں اپنے والد کو آرام کی زندگی فراہم کروں۔

یاد رہے کہ کراچی کنگز کے کھلاڑی فواد علی کی سلیکشن 2023ء میں سوات ٹیلنٹ ہنٹ کے دوران ہوئی تھی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید