پاکستان نے بھارتی اقدامات کے جواب میں فیصلوں پر عالمی برادری کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کر لیا۔
دفتر خارجہ میں غیر ملکی سفارتی مشنز کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر بریفنگ دی گئی، 30 سے زائد غیر ملکی مشنز کے سربراہان، نمائندے بریفنگ میں شریک تھے۔
سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی جانب سے سفارتی مشنز کو بریفنگ دی گئی، آمنہ بلوچ نے پہلگام حملے کے بعد پیدا صورتحال پر بریفنگ دی، سیکریٹری خارجہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے نتائج سے آگاہ کیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری خارجہ نے پاکستان کے خلاف بھارت کی گمراہ کن مہم کو مسترد کردیا اور کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈے خطے میں امن و استحکام کی راہ میں رکاوٹ ڈالیں گے۔
سیکریٹری خارجہ نے بھارت کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کی کوششوں سے خبردار کرتے ہوئے کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا مؤثرجواب دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔