• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی حکومت نے پہلگام حملے میں انٹیلی جنس ناکامی کا اعتراف کرلیا


بھارتی حکومت نے پہلگام حملے میں انٹیلی جنس ناکامی کا اعتراف کرلیا۔

دلی میں آل پارٹیز کانفرنس میں اپوزیشن نے ناقص سیکیورٹی پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ کانگریس رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ آخر پہلگام میں سیکیورٹی کیوں نہیں تھی۔ 

وزیر داخلہ امیت شاہ ماننے پر مجبور ہوگئے کہ پہلگام واقعہ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کی ناکامی ہے۔

کانگریس نے پہلگام حملے میں انٹیلی جنس ناکامی کی بھرپور تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

آل پارٹیز کانفرنس بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی زیرصدارت ہوئی، جس میں آل انڈیا اتحاد المسلمین کے اسدالدین اویسی بھی شریک ہوئے۔

اسد الدین اویسی نے سوال اٹھایا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے دریا کا رخ موڑ کر بھارت اتنا پانی رکھے گا کہاں؟ جواب دیا گیا کہ اس کا انتظام کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 سیاح ہلاک ہوئے تھے، جس کے بعد  بھارت نے پاکستان کے خلاف سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے واہگہ اٹاری سرحد بند کر دی تھی۔

علاوہ ازیں بھارت نے سندھ طاس معاہدہ یک طرفہ طور پر معطل کر دیا ہے جبکہ پاکستانیوں کے بھارتی ویزے منسوخ اور ہندوستان میں موجود پاکستانی شہریوں کو 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کا حکم بھی دیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید