• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پریانکا چوپڑا کی نئی ہالی ووڈ فلم ’ہیڈز آف اسٹیٹ‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

پریانکا چوپڑا کا دھماکے دار کم بیک ہوا ہے، عالمی سازش کے خلاف ایکشن سے بھرپور مشن پر نکل پڑیں۔

عالمی شہرت یافتہ اداکارہ پریانکا چوپڑا ایک بار پھر بڑی اسکرین پر دھوم مچانے کو تیار ہیں، ان کی نئی ہالی ووڈ فلم ’ہیڈز آف اسٹیٹ‘ کا سنسنی خیز ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے، جس میں وہ عالمی سازش کے خلاف جان ہتھیلی پر رکھ کر لڑتی دکھائی دے رہی ہیں۔

فلم میں ایکشن، ایڈونچر اور ہنسی کے تڑکوں کا زبردست امتزاج ہے، جس میں پریانکا کے ساتھ جان سینا، ادریس البا اور جیک کوائیڈ جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک بین الاقوامی مشن پر مبنی ہے، جہاں امریکی صدر (جان سینا) اور برطانوی وزیرِ اعظم (ادریس البا) دشمنوں کے نرغے میں پھنس جاتے ہیں، ان کی جان بچانے اور دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچانے کے لیے میدان میں آتی ہیں پریانکا چوپڑا بطور خفیہ ایجنٹ نوئل بِسے۔

ٹریلر میں دکھائے گئے مناظر ہوش اڑا دینے والے ہیں، جن میں ہوائی جہاز پر حملہ، ایکشن سے بھرپور جھڑپیں اور 2 عالمی رہنماؤں کو بچانے کی سنسنی خیز جدوجہد شامل ہے۔

فلم 2 جولائی 2025ء کو پرائم ویڈیو پر ریلیز ہو گی اور ناظرین اسے انگریزی، ہندی، تمل، تیلگو اور ملیالم زبانوں میں دیکھ سکیں گے۔

پریانکا چوپڑا اس سال کئی بین الاقوامی پروجیکٹس کا حصہ ہیں، وہ جلد ہی ایس ایس راجمولی کی بلاک بسٹر فلم SSMB29 میں مہیش بابو کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گی، جو ان کی تقریباً 20 سال بعد تیلگو انڈسٹری میں واپسی ہو گی، اس کے علاوہ وہ The Bluff اور Citadel سیزن 2 میں بھی اپنی اداکاری کے جلوے بکھیرنے والی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید