مشہور بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور ان کے شوہر معروف گلوکار و اداکار نک جونس اپنی بیٹی مالتی میری کے ساتھ پہلی بار تھیٹر پہنچ گئے۔
نک جونس ان دنوں اپنی پہلی براڈوے پروڈکشن دی لاسٹ فائیو ایئرز کے لیے پُرجوش ہیں، جو مارچ میں تھیٹرز میں پیش کی جائے گی۔
اس خاص موقع پر نک نے اپنی فیملی کے ساتھ چند خوبصورت لمحات شیئر کیے ہیں۔
نک جونس نے انسٹاگرام پر کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں سے ایک تصویر میں وہ اور پریانکا نک کے براڈوے پوسٹر کے سامنے خوشی سے پوز دے رہے ہیں، تاہم سب سے دلکش لمحہ وہ تھا جب مالتی میری نے اپنے والد کے پوسٹر کی طرف اشارہ کیا۔
نک جونس نے تصاویر کے کیپشن میں لکھا ہے کہ لاسٹ فائیو ایئرز کے آغاز میں 3 ہفتے باقی ہیں، فیملی کے ساتھ تھیٹر کا پہلا دورہ بہت خاص محسوس ہوا۔
نک جونس کی پوسٹ پر مداحوں نے محبت اور فخر کا اظہار کیا ہے، ایک مداح نے لکھا کہ نک، تم پر فخر ہے جبکہ ایک اور صارف نے کہا کہ یہ سب کچھ ہے۔
واضح رہے کہ پریانکا اور نک جونس نے 2018ء میں جودھپور کے عمید بھون پیلس میں شاندار شادی کی تھی، جہاں انہوں نے ہندو اور عیسائی دونوں روایات کے مطابق رسومات ادا کی تھیں۔