شاعر: علاؤ الدّین خانزادہ ہمدم
صفحات: 218، ہدیہ: 600 روپے
ناشر: اے، ایچ خانزادہ۔
فون نمبر: 8243020 - 0300
علاؤ الدّین خانزادہ، بلاشبہ ہمارے عہد کے سینئر اور معتبر صحافی ہیں۔ ان کی صحافیانہ خدمات کا ایک زمانہ معترف ہے۔اُنہوں نے صحافت میں بھی میانہ روی اختیار کی اور وہی لکھا، جو دیکھا اور محسوس کیا۔ ایک ایسے دَور میں، جب صحافت بھی کمرشلائز ہوگئی ہے، علاؤ الدّین خانزادہ جیسے دیانت دار صحافیوں کا دَم غنیمت ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اُنھوں نے پہلے صحافت شروع کی یا شاعری۔تاہم، اُنہوں نے ان دونوں جہتوں کو اپنی زندگی کا حصّہ بنا کر اپنے اسلاف کی روایت کو زندہ کیا ہے۔
ہمارے پیشِ نظر، خانزادہ صاحب کا مجموعۂ کلام ہے، جس میں21حمدیں اور 56 نعتیں شامل ہیں۔ زیرِ نظر کتاب میں فلیپ ہیں اور نہ توصیفی مضامین، اِس سے بھی ان کی خود اعتمادی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ علاؤ الدّین خانزادہ، اسلامی فکر کے حامل قلم کار ہیں اور اُن کی تقدیسی شاعری اِس جذبے کی آئینہ دار ہے۔ ان کی نعتوں میں حضور اکرمﷺ سے عشق نمایاں ہے، جب کہ اُنہوں نے اپنی نعتوں میں سیرت النبیﷺ کے کچھ پہلوؤں کو بھی نظم کیا ہے۔
نیز، درودِ پاک کو جس انداز سے منظوم کیا ہے، اُس کی جتنی تعریف کی جائے، کم ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ اُنہوں نے بہت سچّے جذبات کے ساتھ نعتیں کہی ہیں، جو اِن شاء اللہ بارگاہِ رسالتﷺ میں ضرور قبولیت حاصل کریں گی۔