مصنّف: انور عارف
صفحات: 86، قیمت: درج نہیں
ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور کینٹ۔
فون نمبر: 0515101 - 0300
شورش کاشمیری ایک عہد کا نام ہے۔ اُن کی پوری زندگی، جہدِ مسلسل سے عبارت تھی، اب وہ ہمارے درمیان نہیں، لیکن اُن کے افکار وخیالات آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اُن کی زندگی کا ہر رُخ، روشن اور تاب ناک ہے۔
ایسی یگانۂ روزگار شخصیات روز روز پیدا نہیں ہوتیں۔ اُنہیں حق کی پاداش میں کئی بار پسِ دیوارِ زنداں بھی کیا گیا، لیکن اُن کے پائے استقامت میں کبھی لرزش نہیں آئی۔ زیرِ نظر کتاب کے مصنّف، انور عارف بھی باکمال آدمی ہیں۔
اُنہوں نے شورش کاشمیری سے ایک یادگار انٹرویو کیا تھا، جو 1968ء میں کتابی صُورت میں شائع ہوا،1973ء میں اس کا دوسرا ایڈیشن منظرِ عام پر آیا اور اب اِس کا تیسرا ایڈیشن علّامہ عبدالستّار عاصم نے اپنے ادارے سے شائع کیا ہے۔
یہ انٹرویو، ایک دستاویز کا درجہ رکھتا ہے کہ انور عارف نے شورش کاشمیری کی زندگی کا کوئی پہلو تشنہ رہنے نہیں دیا۔ شورش کاشمیری کے مداحوں کے لیے یہ کتاب کسی نعمت سے کم نہیں۔اِس میں مولانا ظفر علی خان اور رئیس امروہوی نے شورش کاشمیری کو منظوم خراجِ عقیدت بھی پیش کیا ہے۔