• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انشاء رضوی

یوں تو پاکستان کے روایتی کھانے دُنیا بَھر میں مقبول ہیں، خواہ وہ نہاری ہو یا بریانی، کوفتے ہوں یا شامی کباب یا کوئی سوئیٹ ڈِش، غیر مُلکی بھی ہمارے لذیذ، ذائقے دار پکوان نہایت ذوق و شوق سے کھاتے اور انگلیاں چاٹتے رہ جاتے ہیں، لیکن اگر اِن روایتی کھانوں کو جدّت کا کچھ تڑکا بھی لگ جائے، تو نہ صرف اِن کا مزہ دوبالا ہوجاتا ہے بلکہ مشرقی و مغربی اجزائے ترکیبی کا منفرد امتزاج ان کی قدر و قیمت کچھ اور بھی بڑھا دیتا ہے۔ 

تو آئیے، آج ہم آپ کو ایسی ہی کچھ تراکیب سے روشناس کرواتے ہیں تاکہ اِس اتوار، یہ اسپیشل ڈِشز تیار کر کے آپ اپنے سن ڈے کو کچھ اور بھی خاص بناسکیں۔

اسٹفڈ چکن سیخ رول

اجزاء:

چکن کا قیمہ آدھا کلو، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ، سیاہ مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا) آدھی گڈی، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) دو عدد، چٹنی (ہری یا املی کی) آدھا کپ، میدے کے تیار پراٹھے چار عدد، دہی دو کھانے کے چمچ، مایونیز دو کھانے کے چمچ، تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب:

قیمے میں ادرک، لہسن کا پیسٹ، گرم مسالا، کالی مرچ، نمک، ہرا دھنیا اور ہری مرچ ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں اور اس مکسچر کے سیخ کباب بنا کرگرل پر یا توے پر گولڈن براؤن ہونے تک پکالیں۔ 

پراٹھوں پر تھوڑا سا دہی اور مایونیز لگائیں اور پھر چکن سیخ کباب رکھ کر رول کرلیں۔ رول کو ہلکا سا سینک لیں اور ہری یا املی کی چٹنی کے ساتھ گرما گرم سرو کریں۔

شاہی مرغ مسلّم

اجزاء:

پوری مرغی (صاف کی ہوئی) ایک عدد، دہی ایک کپ، بادام اور کاجو کا پیسٹ آدھا کپ، پیاز دو عدد (براؤن کرکے پیس لیں)، ادرک اور لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، ہری مرچ (باریک کٹی ہوئی) تین عدد، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گرم مسالا ایک چائے کا چمچ، زعفران آدھا چائے کا چمچ (دودھ میں بھگو دیں)، گھی آدھا کپ، نمک حسبِ ذائقہ۔

ترکیب:

چکن پر ادرک، لہسن کا پیسٹ، دہی، نمک، لال مرچ اور ہری مرچ لگا کر دو گھنٹے کے لیے میرینیٹ کرلیں۔ دیگچی میں گھی گرم کریں اور براؤن پیاز، بادام اور کاجو کا پیسٹ اور گرم مسالا ڈال کر بُھون لیں۔ میرینیٹ کی ہوئی چکن ڈال کر درمیانی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ گوشت گل جائے۔ آخر میں زعفران والا دودھ ڈال کر دَم پر رکھ دیں۔ مزے دار شاہی مُرغ مسلّم کو نان یا زعفرانی چاول کے ساتھ سرو کریں۔

نہاری پاستا

اجزاء:

بیف یاچکن (چھوٹے ٹکڑوں میں کٹا ہوا گوشت) آدھا کلو، نہاری مسالا دو کھانے کے چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک ایک کھانے کا چمچ، دہی آدھا کپ، ٹماٹو پیوری آدھا کپ، پاستا دو کپ (اُبلا ہوا)، تیل آدھا کپ، ہرا دھنیا گارنشنگ کے لیے، لیموں دوعدد۔

ترکیب:

سب سے پہلے تیل گرم کریں اور اُس میں گوشت ڈال کربُھونیں۔ پھر ادرک، لہسن کا پیسٹ، نہاری مسالا اور دہی ڈال کر مزید بُھونیں۔ ٹماٹو پیوری ڈال کر ہلکی آنچ پر گوشت گلنے تک پکائیں۔ جب گریوی گاڑھی ہوجائے، تو اُبلا ہوا پاستا شامل کریں اور پانچ منٹ تک دَم پر رکھ دیں۔ ہرے دھنیے اور لیموں کے ساتھ سرو کریں۔

چاکلیٹ شِیر خُرما

اجزاء:

دودھ ایک لیٹر، سویّاں ایک کپ، چینی آدھا کپ، کوکو پاؤڈر دو کھانے کے چمچ، ڈارک چاکلیٹ (کٹی ہوئی) آدھا کپ، بادام، پستہ اور کھجور (باریک کٹے ہوئے) آدھا کپ ، الائچی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، مکھن ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب :

مکھن میں سویّاں ہلکی آنچ پر فرائی کریں۔ پھر دودھ شامل کریں اور پکنے دیں، یہاں تک کہ سویّاں نرم ہوجائیں۔ چینی، کوکو پاؤڈر، اور الائچی پاؤڈر شامل کرکے ہلائیں۔ آخر میں چاکلیٹ اور خُشک میوہ جات ڈال کر اُس وقت تک چمچ چلاتی رہیں، جب تک کہ چاکلیٹ اچھی طرح گُھل نہ جائے۔ چاکلیٹ شِیر خُرمے کو ٹھنڈا یا گرم سرو کریں۔

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور اُن کے تخلیق کار برائے صفحہ’’ پیارا گھر‘‘

سردی کی سوغات(شگفتہ بانو، لالہ زار، واہ کینٹ) پردیسی دُولھا، انار، عورت ہوں، مشین نہیں (مبشّرہ خالد) کہاں سے کمایا، کہاں خرچ کیا، آشیانے کی رونق، ماں باپ کے دَم سے (افروز عنایت) میرا بچّہ اور انٹرنیٹ (انجینئر محمد فاروق خان) بدلے سال، بدلے زندگی (ڈاکٹر شاہد ایم شاہد، واہ کینٹ کی جانب سے مطبوعہ تحریر بھیجی گئی) ہم ایک سال اور پرانے ہوگئے (امجد محمود چشتی کی جانب سے مطبوعہ تحریر بھیجی گئی) ہول (لطیف النسا، ناظم آباد، کراچی) ماں کی اہمیت (زہرا یاسمین، کراچی) فیملی ولاگنگ کے معاشرے پر اثرات (مریم شہزاد، کراچی) بچّوں سے سیکھیے (سید ذوالفقار حسین نقویؔ) دین دار اولاد نعمت ہے (بلقیس متین) عید سادگی سے منائی جائے (سلیم عزیز، لاہور)۔