• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ: بابر اعظم اور صائم ایوب کارکردگی دکھانے میں اب تک ناکام

کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی کارکردگی تشویش ناک حد تک خراب ہے۔ سلطانز کی قیادت محمد رضوان کررہے ہیں، وہ لیگ میں اب تک چھ میچز میں ایک سنچری اور ایک ففٹی کی مدد سے 302 رنز بناکر ٹاپ اسکورر ہیں لیکن ان کی ٹیم صرف ایک ہی میچ جیت پائی ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے سب سے بڑے اسٹار بابر اعظم کی بری فارم ان کا ساتھ نہیں چھوڑ رہی۔ انہوں نے لیگ میں چھ اننگز کھیل کر صرف117 رنز اسکور کیے ہیں جس میں ایک نصف سنچری شامل ہے۔ ان کے ساتھ پاکستان کے انتہائی باصلاحیت اوپنر صائم ایوب اوپننگ کررہے ہیں، وہ انجری سے واپس آئے ہیں لیکن اب تک وہ اس بیٹنگ کی جھلک نہیں دکھاپائے ہیں جس کی ان سے توقع کی جارہی تھی، صائم نے چھ اننگز میں 69 رنز بنائے ہیں جس میں ایک ففٹی بھی شامل ہے، اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ بھی ایونٹ میں سخت جدوجہد کررہے ہیں، دو بیٹرز کی خراب کارکردگی نہ صرف ان کی فرنچائز ٹیم پشاور زلمی بلکہ پاکستان کیلئے بھی پریشان کن ہے۔