کراچی (اسٹاف رپورٹر) لاہور نے لاہور میں لاجواب شوپیش کرتے ہوئے یونائیٹڈ کا شیزارہ بکھیردیا اور سپر لیگ ٹین کے فائنل میں جگہ بنالی۔ قلندر نے یکطرفہ مقابلے کے بعد مضبوط حریف اسلام آباد یونائیٹڈ میں شگاف ڈالتے ہوئے 95رنز کی بڑی فتح حاصل کرلی۔ اتوار کو ٹرافی کے لئے اس کامقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔ کپتان شاہین آفریدی، سلمان مرزا اور رشاد حسین نے تین ، تین وکٹوں کا بٹوارا کرکے فتح آسان کردی۔ فاتح ٹیم نے کوشال پریرا اور محمد نعیم کی ففٹیوں کی مدد سے 202رنز بنائے تھے۔ایک روز قبل قلندر نے کراچی کو ایونٹ سے باہر کیا تھا، کپتان شاہین شاہ آفریدی نے صرف تین رنز دے کر تین وکٹ لئے، جبکہ سلمان مرزا نے16رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کر کے کپتان کا بھر ور ساتھ دیا، رشاد حسین نے بھی عمدہ بولنگ کی اور34رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کیلئے 203 رنز کا ہدف دیا تاہم اسلام آباد کے بیٹرز قلندر کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بسی کی تصویر بن گئے، اور پوری ٹیم 16ویں اوور میں107رنز پر فارغ ہوگئی۔ 9کھلاڑی دوہرے ہندسے میں داخل نہ ہوسکے، سلمان علی آغا33، کپتان شاداب خان26رنز کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین مزاحمت نہ کرسکا ۔96 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ صاحب زادہ فرحان تین، محمد شہزاد صفر، راسی وین ڈر ڈوسن سات، جمی نیشم8، عماد وسیم8 ، نسیم شاہ صفر ، ٹائمل ملز7 ، حیدر علی نے چار رنز بنائے۔ سلمان ارشاد صفر پر ناٹ آئوٹ رہے۔ قبل ازیں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے 8 وکٹوں پر 202 رنز اسکور کیے۔ کوشل پریرا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، انہوں نے35 گیندوں کا سامنا کیا، سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ محمد نعیم 50، عبداللہ شفیق 25، بھانوکا راجاپکشا 22، آصف علی 15، فخر زمان 12 جبکہ شکیب الحسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ رشاد حسین 5 اور کپتان شاہین شاہ آفریدی صفر پر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ٹائمل ملز نے 3، سلمان ارشاد نے 2 جبکہ عماد وسیم اور جمی نیشم نے 1، 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔