• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ میں اب زیادہ ٹیلنٹ نظر نہیں آتا، شاہد آفریدی، مجھ سے نوجوانوں پر کام کروائیں

لاہور (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پہلگام واقعہ کے بعد اگر بھارتی ٹیم پاکستان نہیں آتی تو اسکی پہلے کون سی آنے کی نیت تھی، اسپورٹس بہترین ڈپلومیسی ہے، ہم امن چاہتے ہیں۔ لاہور میں خواجہ جنید ہاکی اکیڈمی کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل میں پہلے کی نسبت ابھی تک کچھ زیادہ ٹیلنٹ دکھائی نہیں دیا، کرکٹ کےلیے مجھ سے کام کروانا ہے تو 14، 15 برس کے کھلاڑیوں کیلئے کروائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اولمپئن خواجہ جنید ہاکی کیلئے کام کر رہے ہیں، حکومت کو ایسے لوگوں کو سپورٹ کرنا چاہیے۔ قبل ازیں ایک انٹرویو میں انہوں نے پہلگام حملے کے بعد پاکستان پر بغیر کسی ثبوت کے الزامات عائد کرنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افسوسناک اور غیر منصفانہ قرار دیا اور کشمیر میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور پاکستان میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کی بھی شدید مذمت کی۔ سابق کپتان نے کھیلوں، خصوصاً کرکٹ، کو سیاسی کشیدگی سے الگ رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ اس کے برعکس سابق بھارتی کرکٹ کپتان سارو گنگولی نے پاکستان سے کرکٹ سمیت کھیلوں کے تمام تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا تھا ، گنگولی نے اس بات پر زور دیا کہ اگر بھارت عالمی کپ میں پاکستان کے ساتھ میچ نہیں کھیلتا تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑےگا۔ کھیلوں کو سیاسی اور سیکیورٹی مسائل سے الگ نہیں کیا جا سکتا، اور بھارت کو اپنے قومی مفادات کے پیش نظر فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔