• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ہاکی، بھارت کا پاکستان ٹیم کو ویزا دینے انکار

کراچی(اسٹاف رپورٹر) بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ بھارت نے رواں برس اگست ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کیلئے پاکستان مینز ہاکی ٹیم کو ویزا دینے سے انکار کردیا۔ تاہم پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کہا ہے کہ اس بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے۔ ویزا سے انکار کیا گیا تو اس مسئلے کو عالمی اور ایشیائی فورم پر اٹھائیں گے۔ ایشیا کپ ورلڈکپ میں رسائی کا اہم ایونٹ ہے، بھارت کا انکار پہلگام واقعہ کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بعد سامنے آیا ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن نے ابھی تک اس پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ دوسری جانب جنگ سے گفتگو میں پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی نے کہا ہے کہ انہیں بھی میڈیا سے ہی معلوم ہوا ہے، عالمی، ایشیائی اور بھارتی ہاکی حکام نے باضابطہ اس حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی، ایشیا کپ کیلئے قومی ہاکی ٹیم کے کیمپ کا دوسرا مرحلہ چھ مئی سے اسلام آباد میں شروع ہوگا، ویزے کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، ٹیم کی شرکت حکومت کی اجازت سے مشروط ہوگی، حکومت نے کہا تو ایونٹ سے قبل سیکیورٹی وفد بھارت بھیجیں گے۔