کراچی میں کینال منصوبے کے خلاف گلشن حدید لنک روڈ پر وکلاء کا احتجاج جاری ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق نیشنل ہائی وے سے جانے والے لنک روڈ کے دونوں ٹریک ٹریفک کےلیے بند ہیں۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ کراچی سے ٹھٹہ آنے اور جانے والے دونوں ٹریک بھی ٹریفک کےلیے بند ہیں اور کراچی سے ٹھٹہ جانے والے ٹریفک کو پورٹ قاسم چورنگی سے پورٹ قاسم کی جانب بھیجا جا رہا ہے۔
اس صورتحال کو سنبھالنے کے لیے گلشن حدید لنک روڈ پر ریپڈ ریسپانس فورس کی نفری پہنچی۔
اس حوالے سے ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ مذاکرات سے احتجاج کو ختم کروائیں، اگر مذاکرات کے بعد بھی روڈ نہیں کھولا گیا تو کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ نہروں کے منصوبے کے خلاف کراچی سمیت سندھ کے مختلف مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔
خیرپور ببرلو بائی پاس پر وکلاء کا دھرنا 11ہویں اور ڈہرکی میں قومی شاہراہ منگریو پمپ کے مقام پر دھرنا 9ویں روز میں داخل ہوگیا ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے درمیان ٹریفک معطل ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہےکہ مال بردار گاڑیاں ،کنٹینرز رکنے سے یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔