ڈی جی ماحولیات پنجاب عمران حامد شیخ کا کہنا ہے کہ ادارہ ماحولیات پنجاب نے ہفتہ اور اتوار کو صوبے بھر میں 1450 کارروائیاں کیں۔
ایک بیان میں عمران حامد شیخ نے کہا کہ اسپیشل اسکواڈز کی کارروائیاں اب چھٹیوں کے دوران بھی جاری رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتہ اور اتوار کے روز بھٹہ مالکان کے خلاف 39 مقدمات درج کیے گئے اور 30 لاکھ جرمانہ عائد کیا۔
عمران حامد شیخ نے کہا کہ پنجاب بھر میں 277 صنعتوں کی انسپکشن کی گئی، ممنوعہ ایندھن کے استعمال اور ایمشن کنٹرول سسٹم نہ چلانے پر 31 صنعتیں سیل، 12 کے خلاف مقدمات درج اور 14 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب نے مزید کہا کہ 4 زیر تعمیر مقامات اور 138 سروس اسٹیشن سیل کیے گئے جبکہ 75 مائیکرون سے کم 727 کلوگرام پلاسٹک بھی ضبط کیا گیا۔