انٹرمیڈیٹ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سائنس، پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، سائنس جنرل اور ہوم اکنامکس گروپس بشمول امپروومنٹ آف گریڈ/ڈویژن، ایڈیشنل سبجیکٹس، بینیفٹ کیسز، شارٹ سبجیکٹس، ٹی پی (بارہ پرچے) اور اسپیشل چانس کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے پہلے مرحلے کا آغاز پیر 5 مئی سے ہو رہا ہے۔
جمعرات 29 مئی 2025ء تک جاری رہنے والے ان امتحانات میں صبح اور شام کی شفٹوں میں 1 لاکھ 26 ہزار 500 سے زائد طلبا و طالبات شرکت کریں گے۔
صبح کی شفٹ میں صبح 9 سے 12 بجے تک سائنس پری میڈیکل، پری انجینئرنگ اور ہوم اکنامکس گروپس کے امتحانات ہوں گے جس میں 92 ہزار سے زائد طلبا و طالبات شریک ہوں گے جبکہ شام کی شفٹ میں دوپہر 2 سے شام 5 بجے تک سائنس جنرل کے امتحانات لیے جائیں گے جس میں 34 ہزار 500 سے زائد امیدوار شرکت کریں گے۔
انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے لیے صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 182 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جس میں 122 امتحانی مراکز صبح کی شفٹ میں جبکہ 60 شام کی شفٹ میں بنائے گئے ہیں۔
صبح اور شام کی شفٹوں میں مجموعی طور پر 36 امتحانی مراکز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی غلام حسین سوہو نے کہا ہے کہ شفاف امتحانات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ امتحانات میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے اور نقل کی روک تھام کے لیے کمشنر آفس کراچی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی میں دو مرکزی مانیٹرنگ سیل بنائے گئے ہیں۔
چیئرمین غلام حسین سوہو نے کہا کہ اس کے علاوہ شہر کے تمام ڈسٹرکٹس میں ڈپٹی کمشنر آفسز میں شکایتی سیل بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں انٹر بورڈ کے نمائندے موجود ہوں گے۔
چیئرمین انٹر بورڈ کا کہنا تھا کہ امتحانات کے دوران گرمی کی شدت کے پیشِ نظر ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کرنے کے لیے Rehabilitation Department, M/s Sindh Emergency & Rescue Service 1122 کو بھی خط لکھ دیا گیا ہے جس میں انہیں انٹربورڈ میں قائم کنٹرول روم سیل کے لیے 2 ایمبولینسیں فراہم کرنے کے لیے کہا گیا ہے تاکہ کسی امتحانی مرکز پر طالب علم، استاد یا دیگر عملے کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں انہیں قریبی اسپتال منتقل کرنے کے لیے فوری طور پر ایمبولینس بھیجی جاسکے۔
محکمۂ صحت حکومت سندھ کو بھی امتحانی مراکز کے باہر فرسٹ ایڈ کیمپس لگانے، ہر امتحانی مرکز پر فرسٹ ایڈ باکس اور ایمبولینس کی فراہمی کے لیے خط بھیج دیا گیا ہے۔