بالی ووڈ کے اسٹار اداکار عامر خان اور شاہ رخ خان نے فلم انڈسٹری کو بچانے اور بڑھانے کا فارمولا پیش کردیا۔
ممبئی میں جاری ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ کے دوران عامر خان بھارتی سنیما گھروں میں سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔
دوسری طرف شاہ رخ خان نے سنیما گھروں میں فلم کے ٹکٹ کی قیمت میں کمی کی حمایت کی۔
اس دوران دونوں اداکاروں نے فلموں کی مداحوں تک رسائی بڑھائی بڑھانے اور باکس آفس کی کمزور کارکردگی کے خاتمے کےلیے سنیما اسکرینز کی تعداد بڑھانے پر بات کی۔
4 مئی تک جاری رہنے والی سمٹ میں شاہ رخ خان نے جمعرات کو جبکہ عامر خان نے جمعے کی صبح کے سیشن میں خیالات کا اظہار کیا۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ میرا یقین ہے کہ ہمیں بھارت میں بہت زیادہ سنیما گھروں کی ضرورت ہے، آج بھی کئی اضلاع اور اُن کے بڑے شہروں میں ایک بھی سنیما گھر موجود نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ دہائیوں میں جن مسائل کا سامنا کیا اُن کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے، زیادہ اسکرینز ہی حل ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو لوگ بہت سی فلمیں نہیں دیکھ سکیں گے۔
عامر خان نے کہا کہ سنیما اسکرینز کی تعداد میں بھارت چین اور امریکا سے بہت پیچھے ہے، ہمارے ہاں 10 ہزار اسکرینز ہیں جبکہ ہماری جتنی آباد کے حامل چین میں 90 ہزار اسکرینز ہیں جبکہ امریکا میں ہمارے مقابلے میں بہت کم آبادی ہے وہاں بھی 40 ہزار اسکرینز ہیں۔
اسٹار اداکارنے مزید کہا کہ ان 10 ہزار میں سے بھی آدھے ساؤتھ میں ہیں اور باقی آدھے پورے ملک میں ہیں، یعنی ایک ہندی فلم 5 ہزار اسکرینز پر ریلیز ہوتی ہے اور ہمارے ملک کو فلموں کا دیوانہ سمجھا جاتا ہے، صرف 2 فیصد آبادی ہی سنیما گھر جاتی ہے۔
دوسری طرف شاہ رخ خان نے بھی نئے سنیما گھر بنانے کے ساتھ ٹکٹ کی قیمت کم کرنے کی تجویز دی۔
ایک سوال کے جواب کنگ خان نے کہا کہ سنیما کو صرف اسی طرح بچایا جاسکتا ہے کہ چھوٹے شہروں اور قصبوں میں سادہ اور سنیما گھر بنائے جائیں تاکہ فلم کم قیمت پر ہر ایک تک پہنچ سکے۔