بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے اِن کے خلاف سوشل میڈیا پر زیرِ گردش خبروں کی سختی سے تردید کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حالیہ دِنوں میں سوشل میڈیا پر ایک جعلی اخباری تراشہ وائرل ہوا تھا جس میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ عامر خان نے ہدایتکار لوکیش کناگاراج کی بلاک بسٹر فلم ’قلی‘ کو ٹھکرانے پر افسوس کا اظہار اور اس پر تنقید کی ہے۔
وائرل بیان کے مطابق عامر خان نے اس فلم میں خود کو آفر ہونے والے کردار سے متعلق کہا کہ وہ اس کردار سے متعلق پُراعتماد نہیں تھے جسے بعد ازاں سُپر اسٹار رجنی کانت کو آفر کردیا گیا، اُنہوں نے اپنے انٹرویو میں بھارت کے سُپراسٹار رجنی کانت کی جانب سے ادا کیے گئے کردار کو کمزور اور غیرسنجیدہ بھی قرار دیا۔
عامر خان کی ٹیم کا وائرل بیان پر ردِعمل
اس وائرل خبر پر عامر خان کے پروڈکشنز (AKP) ہاؤس نے باضابطہ طور پر تردیدی بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر ایک جعلی انٹرویو گردش کر رہا ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ عامر خان نے فلم ’قلی‘ پر تنقید کی ہے، یہ مکمل طور پر جھوٹ ہے، عامر خان کی جانب سے ٹیم اے کے پی واضح کرنا چاہتی ہے کہ اُنہوں نے فلم ’قلی‘ کے بارے میں کوئی انٹرویو نہیں دیا ہے۔
تردیدی بیان میں وضاحت دیتے ہوئے کہا گیا کہ عامر خان نے اب تک فلم دیکھی تک نہیں، عامر خان اپنے کام کے حوالے سے ہمیشہ سنجیدگی اور احترام کا مظاہرہ کرتے ہیں، حقیقت یہ ہے کہ اُنہوں نے ابھی یہ فلم دیکھنی ہے۔
عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس کے مطابق ہدایتکار لوکیش کناگاراج چاہتے تھے کہ وہ اپنی فلم قلی عامر خان کے ساتھ دیکھیں مگر یہ موقع تاحال نہیں مل سکا۔
عامر خان کے پروڈکشن ہاؤس نے اپنے بیان میں فلم کی کامیابی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’قلی‘ فلم کی شاندار کامیابی پوری ٹیم کی محنت اور وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے، عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ فلم سے متعلق عامر خان کا وائرل انٹرویو اور اس نوعیت کی تمام خبریں جھوٹی ہیں۔