پاکستانی شوبز انڈسٹری کے فنکار عمر شاہ کے اچانک انتقال پر سوگوار ہیں، ننھے یوٹیوبرز شیراز اور مسکان نے جذباتی ویڈیو میں یادیں تازہ کردیں۔
معروف ننھے اسٹار عمر شاہ رمضان ٹرانسمیشنز اور مختلف شوز میں اپنی معصومیت اور شرارتوں سے لاکھوں دل جیت چکے تھے، ان کے انتقال کی خبر نے پورے ملک کو غمزدہ کردیا، پاکستانی فنکاروں اور ڈیجیٹل کری ایٹرز کو بھی شدید صدمے اور افسوس میں مبتلا کردیا۔
ننھے فنکار شیر از اور مسکان نے عمر شاہ سے متعلق ایک جذباتی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے جذباتی انداز میں اپنے پیارے دوست کو یاد کیا۔
شیراز نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ خبر سن کر میں اب تک صدمے میں ہوں کہ عمر شاہ اب ہمارے درمیان نہیں رہے، وہ سب سے زیادہ فرمانبردار، محبت کرنے والے اور پیارے بچے تھے، وہ ہم دونوں سے بہت محبت کرتے تھے، اس سال جب ہم رمضان ٹرانسمیشن سے رخصت ہورہے تھے تو عمر رو رہا تھا کہ ہم سب جدا نہ ہوں، آج وہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے، میں سب سے گزارش کرتا ہوں کہ عمر شاہ کے لیے دعا کریں۔
مسکان نے بھی دکھ بھرے لہجے میں پوچھا کہ عمر واپس کب آئیں گے، جس پر شیراز نے جواب دیا کہ عمر شاہ اب کبھی واپس نہیں آئیں گے، وہ اپنے خالق سے جا ملے ہیں۔
پاکستانی شوبز کی بڑی شخصیات بھی اس غم میں شریک ہیں۔ ماہرہ خان، فہد مصطفیٰ، ہمایوں سعید، ندا یاسر، اشنا شاہ، عدنان صدیقی، اعجاز اسلم اور دیگر فنکاروں نے عمر شاہ کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ عمر شاہ کی معصوم مسکراہٹ اور شرارتیں ہمیشہ مداحوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔
سوشل میڈیا پر بھی مداح بڑی تعداد میں تعزیتی پیغامات اور دعائیں شیئر کر رہے ہیں۔ کئی صارفین نے لکھا کہ یہ معصوم بچہ نظرِ بد کا شکار ہوا، جبکہ دیگر نے اسے ایک ناقابلِ برداشت سانحہ قرار دیا۔