• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی اداکارہ کا فوٹو شوٹ کرتے ہوئے طلاق کا اعلان

جنوبی بھارت کی تامل اداکارہ شالنی نے فوٹو شوٹ کے ساتھ اپنی طلاق کا اعلان کردیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فیشن ڈیزائنر اور تامل اداکارہ شالنی نے منفرد و بولڈ فوٹو شوٹ کے ساتھ اپنی طلاق کا اعلان کیا اور اس پر جشن بھی منایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق معاشرتی روایت کو توڑتے ہوئے انہوں نے طلاق کو ایک جشن کی طرح منایا اور ساتھ ہی پیغام دیا کہ خراب شادی کو ختم کرنا ہی بہتر ہے۔

اداکارہ نے طلاق کا فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور ساتھ کیپشن میں لکھا کہ ان لوگوں کے لیے جو اپنی آواز بلند کرنے سے قاصر ہیں، ان کے لیے یہ ایک طلاق یافتہ کا پیغام ہے کہ اگر آپ کی شادی شدہ زندگی اچھی نہیں ہے تو اسے ختم کرنا بہتر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ خوش رہنا آپ کا بھی حق ہے، کبھی کم پر سمجھوتہ نہ کریں بلکہ اپنی زندگی کا کنٹرول خود لیں، اسے اپنے ہاتھوں میں لیں اور اپنے اور اپنے بچوں کی زندگی کے لیے بہتر اقدامات کریں۔

شالنی کے مطابق طلاق ناکامی نہیں بلکہ زندگی میں ایک نیا اور اہم موڑ ہے جو آپ کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لاتا ہے۔ شادی کو ختم کرنے کے لیے بہت ہمت کی ضرورت ہوتی ہے اس لیے میں اپنی طلاق باہمت خواتین کے نام کرتی ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی اداکارہ شالنی نے 2020 میں ریاض نامی شخص سے شادی کی تھی، ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔ شادی کے کچھ ہی عرصے کے بعد انہوں نے اپنے شوہر پر جسمانی اور ذہنی تشدد کا الزام عائد کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید