• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا الکاٹراز جیل دوبارہ کھولنے کا حکم

تصویر بشکریہ رائٹرز
تصویر بشکریہ رائٹرز

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الکاٹراز جیل دوبارہ کھولنے کا حکم دے دیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک حیران کن اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی بیورو آف پرزنز کو ہدایت دے رہے ہیں کہ مشہور زمانہ الکاٹراز جیل کو دوبارہ تعمیر کر کے فعال کریں تاکہ امریکا کے سب سے خطرناک اور سفاک مجرموں کو وہاں قید کیا جا سکے۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ تحریر کرتے ہوئے کہا کہ الکاٹراز جیل کو دوبارہ تعمیر کرکے کھولا جائے، جب ہم ایک سنجیدہ قوم تھے تو خطرناک مجرموں کو کسی ہچکچاہٹ کے بغیر وہاں قید کر دیا جاتا تھا، جہاں وہ کسی کو نقصان نہ پہنچا سکیں۔

الکاٹراز جیل سان فرانسسکو بے کے وسط میں جزیرے پر واقع ہے، یہ ایک وقت میں امریکا کی سب سے محفوظ اور سخت سیکیورٹی والی جیل سمجھی جاتی تھی، اس میں مشہور مجرم ال کیپون سمیت کئی خطرناک افراد قید رہے، جیل 1963ء میں بند کر دی گئی تھی کیونکہ اس کا خرچ دیگر جیلوں سے تقریباً تین گنا زیادہ تھا۔

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الکاٹراز کو بڑا، جدید اور محفوظ بنایا جائے گا، اس میں جدید سیکیورٹی کے تمام تقاضے شامل ہوں گے۔ محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور ہوم لینڈ سیکیورٹی کے تعاون سے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے پر زور دے رہا ہوں۔

امریکی ایوانِ نمائندگان کی سابق اسپیکر اور ڈیموکریٹ رہنما نینسی پلوسی نے ٹرمپ کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الکاٹراز ایک عرصہ ہوا جیل نہیں رہی، یہ اب ایک مشہور پارک اور سیاحتی مقام ہے، صدر کا یہ اعلان قابلِ غور نہیں بلکہ ایک سیاسی تماشا ہے۔

واضح رہے کہ الکاٹراز جیل کے جزیرے پر بنی ہونے کی وجہ سے فرار تقریباً ناممکن سمجھا جاتا تھا، جیل کے ریکارڈ کے مطابق وہاں سے کوئی قیدی باضابطہ طور پر فرار نہیں ہو سکا، تاہم 5 افراد ایسے تھے جنہیں لاپتہ قرار دیا گیا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید