بھارت کے بزدلانہ حملوں پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔
کراچی پریس کلب پر نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے واضح پیغام دیا تھا کہ جنگ نہیں چاہتے، لیکن اگر ایک پتھر بھی پاکستان کی سمت آیا تو بھرپور جواب دیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کیا، ہماری فوج نے بھر پور جواب دیا، بھارت اگر میلی نظر پاک سر زمین پر رکھے گا تو آنکھیں نوچ لیں گے۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما شاہی سید نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں حملہ کرنا بھارت کی کم ظرفی ہے، مودی انسانیت کا دشمن ہے، اس ملک کی بقاء کے لیے ہم سب حاضر ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا تھا کہ آج کی ریلی بھارتی فوج اور مودی کو کھلا پیغام ہے۔
اسلام آباد میں پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں نے ڈی چوک میں پاک فوج سے یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا، فیصل آباد میں جماعت اسلامی کے تحت پاکستان زندہ باد ریلی نکالی گئی۔
سدھنوتی، ہٹیاں بالا اور اٹھ مقام پر بھی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں، چارسدہ ميں بھارتی جارحیت کےخلاف متحدہ شاپ کیپرز فیڈریشن نے احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ نواب شاہ میں ایکس سروس مین ایسوسی ایشن نے پاک فوج کی حمایت میں ریلی نکالی۔