جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار کے رات کی تاریکی میں ہونے والے بزدلانہ حملے کا پاک فضائیہ نے دندان شکن جواب دیتے ہوئے پانچ طیارے اور سات ڈرونز تباہ کر کے جس طرح اس کا غرور فضاؤں میں راکھ کیا ہے اس پر پوری قوم نازاں ہے اور وہ ایک تازہ ولولے اور عزم صمیم کا پیکر بن کر اپنی عساکر کی پشت پر سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے جس کا عملی مظاہرہ پارلیمان سے لے کر شہر شہر،گائوں گائوں اورقریہ قریہ پاک فوج زندہ باد،پاکستان پائندہ باد اور نعرہ تکبیر کی گونج میں اظہار یکجہتی کی شکل میں کیا جا رہا ہے۔ملک بھر میں نکالی جانے والی ریلیاں اس امر کا اظہار ہیں کہ پوری قوم خود مختاری کے دفاع کے لیے متحد ہے اور اپنی فوج کے شانہ بشانہ ہے۔اس حملے کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتیوں کی مایوسی اور ان پر طاری خوف کا یہ عالم ہے کہ اس نے 25ایئرپورٹ اور کرتار پور راہداری غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی ہے۔واہگہ بارڈر پر مشترکہ پریڈ میں بھارتی اسٹیڈیم میں سناٹا چھایا رہا۔ سرحدوں پر کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہیں۔پاکستان سپر لیگ کے میچ پروگرام کے مطابق ہو رہے ہیں۔مودی کے پاگل پن سے بھارتیوں کو جس ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے وہ ان کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔بھارت میں شدت پسند عناصر کی حوصلہ افزائی،اقلیتوں پر مظالم اور داخلی انتشار نے ایک خوفناک ماحول کو جنم دیا ہے اور مودی سرکار نے سیاسی ہتھیار کے طور پر پاک دشمنی کو استعمال کرنا اپنا وتیرہ بنا لیا ہے جو قابل مذمت ہے۔اس کے برخلاف پاکستانی قوم کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے نازک وقت میں بھی ملی یکجہتی،صبر،حوصلے اور میڈیا نے کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ملکی سلامتی،خود مختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔