• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رات کی تاریکی میں بھارتی حملہ بزدلانہ اقدام‘ صوبائی خطیب

کوئٹہ(پ ر)صوبائی خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے مرکزی جامع مسجد کوئٹہ میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رات کی تاریکی میں بھارت کی طرف سے پاکستان پر حملہ شرمناک اور بزدلانہ اقدام ہے ،بھارت نے جنگی حملوں میں زیادہ تر مساجد و مدارس کو نشانہ بنایا جس میں خواتین بچے سمیت کئی شہری شہید ہوئے۔ افوج پاکستان نے بروقت منہ توڑ جواب دیا اور دشمن کو نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم وطن عزیز کے دفاع کے لئے متحد اور ایک صف میں کھڑی ہے، پاکستان کا دفاع حفاظت اور سلامتی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ مولانا حقانی نے کہا کہ اس نازک موقع پر تمام تر فرقہ وارانہ مسلکی مذہبی سیاسی لسانی اور علاقائی اختلافات کو بالائے طاق رکھا جائے اور پوری قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر افواج پاکستان کی پشت پر کھڑی ہوکر بیرونی دشمن کے مقابلے میں گھر کے اندر کے اختلافات کو بھلا دے،پاکستان مسلمانوں کا وطن ہے ہمارا جینا مرنا اسی وطن کی مٹی سے وابستہ ہے ۔اس موقع پر ہزاروں نمازیوں نے وطن عزیز کے دفاع کا عہد اور ملکی سلامتی کے لئے دعائیں مانگیں ۔
کوئٹہ سے مزید