گوجرانوالہ(نمائندہ جنگ )گوجرانوالہ میں فلڈ کنٹرول حکام نے اعلیٰ افسران کو ضلع بند کرتے ہوئے مختلف محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں ، دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب جبکہ برساتی نالوں میں بھی طغیانی آ گئی ہے ،ڈویژنل فلڈ کنٹرول حکام کے مطابق ہیڈ مرالہ میں پانی کی سطح ایک لاکھ بتیس ہزار سات سو انانوے کیوسک اپ اور ایک لاکھ بارہ ہزار پانچ سو تیرہ کیوسک ڈاؤن ہے ،ہیڈ خانکی میں ایک لاکھ پنتالیس ہزار چھ سو ستاون کیوسک اپ اور ایک لاکھ اڑتیس ہزار چار سو ستاون کیوسک ڈاؤن ہے۔ ، ہیڈ قادر آباد میں ایک لاکھ چونتیس ہزار ایک سو ستاون کیوسک اپ اور ایک لاکھ چوبیس ہزار نو سو ستاون کیوسک ڈاؤن ہے جبکہ دریائے چناب میں اس وقت نچلے درجے کا سیلاب ہے ،اس سلسلہ میں گوجرانوالہ ڈویژن سے گذرنے والے پانچ دریاؤں اٹھارہ برساتی نالوں پر اکتالیس بند بنائے گئے ہیں جن میں سیالکوٹ میں بارہ ، نارووال میں گیارہ ، گوجرانوالہ میں آٹھ ، کامونکی میں ایک جبکہ گجرات میں چھ ، منڈی بہاؤالدین میں تین اور حافظ آباد میں ایک بند بنایا گیا ہے۔