• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ ڈائری:سینیٹ قواعد میں ترمیم، رضا ربانی ، اسحاق ڈار خراج تحسین کے مستحق

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) پارلیمانی ایوان بالا سینیٹ کے دیرینہ مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے پبلک اکائونٹس کمیٹی میں اسے برابرکا حصہ دار بنانے کی منظوری دیدی ہے یہ کمیٹی جس پر قبل ازیں قومی اسمبلی کا اجارہ تھا اب اس میں سینیٹ کو بھی نمائندگی حاصل ہوگی۔ پبلک اکائونٹس کمیٹی سرکاری حسابات پر محتسب کے طور پر خدمات انجام دیتی ہے وہ ان سرکاری افسروں سے جو اب طلبی اور ان کا احتساب کرنے کی مجاز ہوتی ہے جنہیں سرکاری مالیات پر دسترس حاصل ہوتی ہےگزشتہ دور حکو مت میں چوہدری نثار علی خان قائد حزب اختلاف تھے اس کمیٹی نے سرکاری اعمال کا احتسا ب کرنے کے حوالے سے زبردست خد ما ت انجام دی تھیں یہ ان کے دورمیں کمیٹی کی کارکردگی تھی کہ برطانوی پارلیمان کے ایک وفد نے اپنے ملک میں نفاذ کی غرض سے اس کے نظام اور طریق کار کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان دنوں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ اس کمیٹی کے سربراہ ہیں جن کے طرز احتساب کو کم از کم تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان جن کی پارٹی قومی اسمبلی میں حزب اختلاف کا اہم حصہ ہے، ماننے کے لئے تیار نہیں ہیں جمعرات کو جب پبلک اکائونٹس کمیٹی میں سینیٹ کو نمائندگی دینے کے لئے قواعد و ضوابط میں ترمیم منظور کی گئی تو ایوان بالا کے چیئرمین میاں رضا ربانی کی خوشی دیدنی تھی جنہوںنے خزانے و اقتصادی امور کے وفاقی وزیر سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے اشتراک عمل سے اسے ممکن بنانے کے لئے سخت محنت کی تھی۔ بلاشبہ میاں رضاربانی اور اسحاق ڈار اس کے لئے یکساں طور پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
تازہ ترین