روبوٹ نے آنکھ جھپکنے سے پہلے روبک کیوب حل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
ویسٹ لافیئٹ، انڈیانا سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بیورو نے ایک اور کمال کر دکھایا ہے، پُرڈیو یونیورسٹی کے ذہین طالب علموں نے ایک ایسا روبوٹ تیار کیا ہے جو صرف 0.103 سیکنڈ میں روبک کیوب حل کر لیتا ہے یعنی آنکھ جھپکنے سے بھی پہلے۔
یہ انقلابی روبوٹ چار ہونہار طالب علم میتھیو پیٹروہے، جنپی اوتا، ایڈن ہرد اور ایلکس برٹا نے تیار کیا ہے، جو پُرڈیو یونیورسٹی کے الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے روبوٹ کا نام Purdubik's Cube رکھا ہے جو یونیورسٹی کے نام اور روبک کیوب کے امتزاج سے بنایا گیا ہے۔
میتھیو پیٹروہے نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری روبوٹک مشین یہ 103 ملی سیکنڈ میں حل کر لیتی ہے، جبکہ انسانی آنکھ جھپکنے میں 200 سے 300 ملی سیکنڈ لگتے ہیں آپ کو احساس بھی نہیں ہوتا اور یہ کیوب حل ہو چکا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے کا ریکارڈ 0.305 سیکنڈ کا تھا، جو 2024ء میں مٹسوبشی الیکٹرک کارپوریشن کے روبوٹ نے قائم کیا تھا لیکن پُرڈیو کے طلبہ نے اسے بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں نئی مثال قائم کی۔
اس روبوٹ میں جدید ترین موشن کنٹرول، ویژن سسٹم، مکینیکل ڈیزائن اور سافٹ ویئر الگورتھمز کا استعمال کیا گیا ہے، جو اسے ایک عام کھلونا حل کرنے والی مشین سے بڑھ کر ایک اعلیٰ انجینئرنگ پراجیکٹ بناتا ہے۔