• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 10 کے 28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ملتان سلطان کو 2 وکٹوں سے شکست دیکر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آگئی۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے،  186 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی آخری گیند پر ہدف حاصل کر لیا۔

میچ کے ہیرو حسن نواز رہے، جنہوں نے دباؤ کے عالم میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 38 گیندوں پر  67 رنز بنائے ان کی اننگز میں 2 چوکے، 6 چھکے شامل تھے، اختتامی اوورز میں حسن نواز نے دو بڑے چھکے لگا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا، کوئٹہ گلیڈی ایئٹرز کےخواجہ نافع 51  رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹر رہے۔

شاہد عزیز ملتان سلطانز کے بہترین بولر رہے، جنہوں نے 4 اوورز میں 29 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور 2 رن آؤٹ میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ وہ ہر نازک موقع پر وکٹ لے کر سلطانز کو مقابلے میں واپس لاتے رہے، مگر حسن نواز کے سامنے آخرکار سلطانز کی حکمت عملی بے اثر ثابت ہوئی۔

اس فتح کے ساتھ ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست آ گئی ہے۔

اس سے قبل میچ میں ٹاس جیت کر ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 185 رنزبنائے تھے، یاسر خان نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا اور صرف 25 گیندوں پر 45 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

مڈل آرڈر میں طیب طاہر نے 36 رنز 24 گیندوں پر بنائے، جبکہ اختتامی اوورز میں شاہد عزیز نے 14 گیندوں پر 29 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا اسکور بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ میں عثمان طارق سب سے کامیاب بولر رہے، جنہوں نے 32 رنز دے کر 3 اہم وکٹیں حاصل کیں۔

محمد وسیم نے آخری اوور میں عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 26 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی، جبکہ فہیم اشرف اور خُرم شہزاد نے بھی ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید