پشاور کے علاقے خٹکو پل کے ایک گھر میں ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کو قتل کر دیا جبکہ ایک خاتون زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق مقتولین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، زخمی خاتون کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین پڑوسی ہیں، مقتولین پر مخالف فریق کی خاتون کے قتل کا الزام تھا۔
پولیس نے کہا کہ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
علاقہ خٹکو پل میں 6 افراد کے قتل کا مقدمہ تھانہ ارمڑ میں درج کرلیا گیا جس کی ایف آئی آر میں 3 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ 3 روز قبل ایک خاتون کو مبینہ طور پر قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا، خاتون کے شوہر کے مطابق اس نے گھریلو لڑائی پر خودکشی کی۔
ایس ایس پی انوسٹی گیشن کا کہنا ہے کہ خاتون کے والدین کے مطابق اسے شوہر نے قتل کیا، خاتون کو قتل کیا گیا یا اس نے خود کشی کی اس کی تحقیقات جاری ہیں۔