امریکی ریاست کیلیفورنیا کا ایک شہر ایسا بھی ہے جہاں ہیل پہننے کے لیے اجازت لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔
امریکا کے مغربی ساحل پر واقع ریاست کیلیفورنیا کے شہر کارمل بائے دی سی جو جزیرہ نما مونیٹری میں واقع ایک چھوٹا سا ساحلی شہر ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں پر دو انچ سے زیادہ اونچی ہیل پہننے کےلیے باضابطہ پرمٹ لینا پڑتا ہے۔
اگر آپ کی ہیلز کی اونچائی دو انچ سے زیادہ ہے اور اس کی بیئرنگ سطح ایک مربع انچ سے کم ہے، تو سٹی ہال سے اس کے لیے پہلے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے اس کے بغیر انہیں عوامی مقامات پر پہننا غیر قانونی ہے۔
یہ پرمٹ بنا کسی فیس کے جاری کیا جاتا ہے اور بہت سے وزیٹرز چاہے انھیں ہیل نہ پہننا ہو پھر بھی انھیں صرف بطور سوینئر حاصل کرتے ہیں، بہت عمدہ انداز کے یہ سرٹیفکیٹس درخواست گزار کے نام پر جاری ہوتے ہیں اور اس پر ڈیوٹی پر موجود سٹی کلرک کے دستخط ہوتے ہیں۔
1963 میں یہ عجیب و غریب قانون سٹی اٹارنی کی درخواست پر منظور کیا گیا تھا۔ لیکن اس کا ایک خاص مقصد تھا جو آج بھی درست ہے۔ کیلیفورنیا کا یہ شہر بہت سے صنوبر اور مونٹیری پائنز کا گھر ہے، جن میں سے بہت سے متاثر کن سائز میں بڑھ چکے ہیں۔
تاہم، جیسے جیسے یہ درخت بڑھے، ان کی زیر زمین جڑیں بھی بڑھیں اور کنکریٹ کے فٹ پاتھوں کو آگے کی جانب دھکیلا اور اس سے ٹرپنگ کے خطرات پیدا ہوئے۔
ناہموار فٹ پاتھ اور تنگ اونچی ایڑیاں اکٹھے نہیں کام نہیں کرسکتے تھے۔ اسی لیے سٹی اٹارنی نے ٹرپنگ کے خطرے کو اتنا زیادہ سمجھا کہ انھوں نے ایک پرمٹ نافذ کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ لوگوں کو کسی حادثے کی صورت میں شہری انتظامیہ کے خلاف مقدمہ کرنے سے روکا جا سکے۔ جس کے بعد سے یہاں ہیل پہننے کے لیے پرمٹ ضروری قرار دیا گیا۔