• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی ٹیم نیا پلان، بابر، رضوان، شاہین باہر، ’’ری سیٹ‘‘ کا بٹن دبا دیا گیا

کراچی (عبدالماجدبھٹی)پاکستان کرکٹ ٹیم کیلئے ری سیٹ کا بٹن دبادیا گیا، نئی پلان کیلئے نئی ٹیم تشکیل دینے کی کوشش جاری ہے۔ اس بات کی تصدیق ہوچکی ہے کہ پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ بیٹسمین بابر اعظم اور محمد رضوان سلیکٹرز کے مستقبل کے پلان میں شامل نہیں ۔ قومی سلیکٹرز نے انہیں زمبابوے ، نیوزی لینڈ کے بعد بنگلہ دیش کی ہوم سیریز سے بھی ڈراپ کردیا۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو بھی منتخب نہیں کیا گیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلنے والی ٹیم کے 8کھلاڑیوں کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کا یہ پہلا اسائنمنٹ ہے۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں ٹیم کا نقشہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ حسن علی کی واپسی ہوئی ہے۔ صاحبزادہ فرحان ، حسین طلعت اور پی ایس ایل میں مسلسل ناکام رہنے والے وکٹ کیپر محمد حارث کو بھی موقع دیا گیا ہے ۔ عثمان خان ڈیڑ ھ سال بعد ڈراپ ہوگئے ہیں۔ عبدالصمد، جہانداد خان، عباس آفریدی ، محمد علی، عمیر بن یوسف اور سفیان مقیم کو بھی نظر انداز کردیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق سلیکٹرز نے پالیسی بنالی تھی کہ بابر اعظم اور محمد رضوان کو اس فارمیٹ میں منتخب نہیں کیا جائے گا اور مارڈن ڈے کرکٹ کے تقاضوں کے مطابق نوجوان کھلاڑیوں کو گروم کیا جائے گا۔ پی ایس ایل میں شہ سرخیوں میں آنے والے نوجوان علی رضا، عبید شاہ، معاذ صداقت، محمد نعیم ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ صائم ایوب فٹ ہوکر واپس آئے ہیں لیکن پی ایس ایل میں وہ بھی ناکام رہے۔ صائم نے پشاور زلمی کی جانب سے دس میچوں میں17کی اوسط سے174رنز بنائے۔ حسن علی کراچی کنگز کیلئے پی ایس ایل میں 15 وکٹیں لے کر ٹیم میں شامل ہوئے ، عباس آفریدی کی 17 وکٹیں ہیں۔ لیکن وہ جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ صاحبزادہ فرحان اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے 154.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 394 رنز کے ساتھ پی ایس ایل کے ٹاپ اسکورر ہیں، جس میں ایک سنچری اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ٹیم میں قیادت سلمان علی آغا کریں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں۔

اسپورٹس سے مزید